نگران وزیر داخلہ سرفراز بگٹی کی میانوالی میں پولیس چیک پوسٹ پر دہشت گرد حملے کی شدید مذمت

74

اسلام آباد۔1اکتوبر (اے پی پی):نگران وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے میانوالی میں پولیس چیک پوسٹ پر دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس اہلکاروں نے بہادری سے لڑتے ہوئے دہشت گردوں کاحملہ ناکام بنایا۔ نگران وزیر داخلہ نے اتوار کو اپنے ایک بیان میں کہا کہ پولیس کے بہادر جوانوں نے دو دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا ہے، جام شہادت نوش کرنے پر پولیس اہلکار ہارون خان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں ۔

سرفراز بگٹی نے کہا کہ ہم شہید ہیڈ کانسٹیبل کے بلند درجات کے لئے دعا گو ہیں،غم کی اس گھڑی میں شہید اہلکار کے اہلخانہ کے ساتھ کھڑے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائیاں ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتیں۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ ملک دشمن پاکستان میں امن اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کے درپے ہیں،دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں ۔