نگران وفاقی وزیر تجارت گوہر اعجاز کی ملائیشیا کے قومی دن کے موقع پر بطور مہمان خصوصی شرکت

ڈاکٹر گوہر اعجاز

اسلام آباد۔18ستمبر (اے پی پی):نگران وفاقی وزیر تجارت گوہر اعجاز نے ملائیشیا کے 60ویں قومی اور مسلح افواج کے دن کے موقع پر بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ انہوں نے تعارفی کلمات میں ملائیشیا کو ان کےقومی اور مسلح افواج کے دن پر مبارکباد پیش کی ۔ وزارت تجارت سے جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر تجارت نے تقریب سے خطاب میں ملائیشین قوم کو پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون پر خراج تحسین پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ ملائیشیا نے بین الاقوامی سطح پر معاشی قوت کے طور پر اپنا لوہا منوایا ہے اور اس قوم کی تاریخ سے ہم اپنی معیشت کے لئے سبق لے سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں معیشت کے کل حجم کی استعداد 5 ٹریلین ڈالر ہے اور اس کو حقیقت بنانے کے لئے ہمیں انتھک محنت اور ملائیشیا جیسے دوست ممالک کا تعاون درکار ہے۔