لاہور۔7ستمبر (اے پی پی):نگران وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی انیق احمد نے جمعرات کے روز گوردوارہ صاحب کرتارپور کا دورہ کیا ۔وفاقی وزیر کی جانب سے گوردوارہ صاحب میں کلچرل پارک کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا۔ترجمان متروکہ وقف املاک بورڈ کے مطابق گوردوارہ صاحب کرتارپور میں سکھ مذہب اور پنجابی کلچر کے رنگوں کو دنیا کے سامنے خوبصورت انداز میں پیش کرنے کے حوالے سے گوردوارہ صاحب کرتارپور میں کلچرل پارک کا افتتاح کیا گیا ہے۔
بعد ازاں وفاقی وزیر انیق احمد نے کرتارپور کوریڈور کا دورہ کیا اور گوردوارہ صاحب میں پودا بھی لگایا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نگران وفاقی وزیر کا کہنا تھا گوردوارہ صاحب کرتارپور کی ڈویلپمنٹ سمیت تمام تر معاملات کے حوالے سے میری وزارت ہر وقت حاضر ہے۔حکومت پاکستان کی ترجیحات میں روز اول سے یہ شامل ہے کہ ہم اپنی تمام تر مذہبی اکائیوں کے مذہبی جذ بات کی نہ صرف قدر کرتے ہیں بلکہ حکومتی سطح پر تمام تر وسائل اور سہولیات ہر وقت موجودہوتے ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=388024