گوجرانوالہ۔ 15 ستمبر (اے پی پی):نگراں صوبائی وزیرمواصلات وتعمیرات پنجاب بلال افضل اورسیکرٹری کمیونیکیشن اینڈ ورکس ڈیپارٹمنٹ لیفٹیننٹ(ر) سہیل اشرف نے کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن نوید حیدر شیرازی اور ڈپٹی کمشنر فیاض احمد موہل کے ہمراہ گوجرانوالہ لاہورسیالکوٹ موٹروے سے گوجرانوالہ کو لنک کرنے کیلئے زیر تعمیر دو رویہ سڑک کے پراجیکٹ کاتفصیلی دورہ کیا۔
وزیرِ مواصلات و تعمیرات نے 15.2 کلو میٹر طویل دو رویہ سڑک کے پورے روٹ کا معائنہ اور تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا۔لاہور سیالکوٹ موٹروے کو واہنڈو انٹرچینج سے بے نظیر چوک تک دو رویہ سڑک کے ذریعے گوجرانوالہ سے لنک کیا جائے گا۔وزیر مواصلات نے منصوبے پر کام کی رفتار مزید تیز کرنے اور اعلی تعمیراتی معیار کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ۔ دورہ کے موقع پر ایف ڈبلیواوکے حکام بھی موجود تھے۔