نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے ممتاز برطانوی پاکستانی تاجروں کے وفد کی ملاقات

نگراں حکومت غیر جانبدار رہے گی، آزادانہ، منصفانہ ا ور شفاف انتخابات کو یقینی بنائیں گے،نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کا نجی ٹی وی کو انٹرویو

لندن۔25ستمبر (اے پی پی):نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں پر زور دیا کہ وہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھائیں۔پیر کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری کردہ بیان کے مطابق نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے ممتاز برطانوی پاکستانی تاجروں کے وفد نے پاکستان ہاؤس میں ملاقات کی۔

نگراں وزیر اعظم نے عبوری حکومت کی جانب سے کی جانے والی اصلاحات کے نتیجہ میں مثبت معاشی اشاریوں کو اجاگر کیا جن میں پاکستانی روپیہ مستحکم کرنا، مہنگائی میں کمی اور متوقع اقتصادی ترقی کو مضبوط کرنا بھی شامل ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ درآمدی پابندیوں کے خاتمے اور کاروباری برادری کا اعتماد بحال کرنے کی کوششوں سے بیرونی کھاتوں کو مزید فروغ دینے کی توقع تھی۔وزیر اعظم نے پاکستان کی سرمایہ کاری دوست سوچ، مراعات اور کاروبار میں آسانی میں اصلاحات کا ذکر کیا۔

انہوں نے کہا کہ ون ونڈو پلیٹ فارم کے ذریعے کلیدی شعبوں میں سرمایہ کاری کی راہ ہموار کرنے کے لئے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی ) متعارف کرائی جس کی صدارت وہ خود کرتے ہیں، اس اقدام کا مقصد کاروبار کرنے میں آسانی کو بڑھانا، رکاوٹوں کو دور کرنا اور طویل مدتی سرمایہ کاری کا روڈ میپ بنانا ہے۔وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے خسارے میں چلنے والے سرکاری اداروں کی نجکاری کے لئے حکومت کے عزم کا بھی اظہار کیا۔

انہوں نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں پر زور دیا کہ وہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھائیں۔ انہوں نے بیرون ملک مقیم تاجروں کو پاکستان کی معاشی بحالی میں کردار ادا کرنے کے لئے خاص طور پر خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری کرنے کی دعوت بھی دی۔برطانوی پاکستانی کاروباری رہنماؤں نے وزیر اعظم کے تارکین وطن تک رسائی پر ان کی تعریف کی ا اور ملک میں اپنی سرمایہ کاری کو بڑھانے کے لئے سرگرمی سے کوشش کرتے ہوئے پاکستان میں اپنے کاروباری آپریشنز کو بڑھانے میں اپنی بھرپور دلچسپی کا اظہار کیا۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ حکومت کی جانب سے کی جانے والی اصلاحات طویل مدت تک جاری رہیں گی اور انہوں نے وزیراعظم کو پاکستان کو ترقی کی راہ پر واپس لانے کے لئے اپنے تعاون کا یقین دلایا۔