نگراں وفاقی وزیر تجارت ڈاکٹر گوہر اعجاز سے اطالوی سفیر کی ملاقات

126
Gohar Ijaz
Gohar Ijaz

اسلام آباد۔4ستمبر (اے پی پی):نگراں وفاقی وزیر تجارت و صنعت و پیداوار ڈاکٹر گوہر اعجاز سے پاکستان میں اطالوی سفیر ایچ ای آندریاس فیریریز نے ملاقات کی۔وزارت تجارت سے جاری بیان کے مطابق اعلیٰ سطحی بات چیت میں اٹلی اور پاکستان کے درمیان تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کے لئے نئی راہیں تلاش کرنے پر توجہ مرکوز کی گئی۔ ملاقات میں وفاقی وزیر گوہر اعجاز نے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کو وسعت دینے کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کاروبار کے لئے نئی راہیں کھولنے کی ضرورت پر زور دیا۔

دونوں فریقوں نے ٹیکنالوجی کی منتقلی اور اسٹیل کی صنعت پر خصوصی توجہ دینے کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کے امکانات پر اتفاق کیا۔گوہر اعجاز نے باہمی اقتصادی ترقی کے مقصد سے اٹلی اور پاکستان کے درمیان تجارتی حجم میں نمایاں اضافہ کرنے کے اپنے وژن پر تبادلہ خیال کیا۔ اطالوی سفیر نے وفاقی وزیر اعجاز کے وژن اور دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے عزم کو سراہا۔