نیا پاکستان ہاﺅسنگ پروگرام کے تیسرے روز بھی رجسٹریشن مراکز پر خواتین اور مردوں کی طویل قطاریں

53

اسلام آباد ۔ 24 اکتوبر (اے پی پی) نیا پاکستان کے ہاﺅسنگ پروگرام کے تیسرے روز بھی رجسٹریشن مراکز پر عوامی پذیرائی بھرپور رہی۔ خواتین اور مردوں کی ان مراکز پر لمبی قطاریں دیکھنے میں آئیں۔ واضح رہے کہ چاروں صوبوں، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے ایک ایک شہر میں کم آمدن والے افراد کے لئے ذاتی گھر دینے کے حکومتی منصوبے کی رجسٹریشن پیر سے شروع ہوئی ہے۔ وفاقی دارالحکومت میں رجسٹریشن کے لئے تین مراکز قائم کئے گئے ہیں۔ کوئٹہ میں بھی تین مراکز قائم کئے گئے ہیں جبکہ دیگر اضلاع میں رجسٹریشن کے لئے ایک ایک مرکز قائم کیا گیا ہے۔ رجسٹریشن کا یہ عمل 21 دسمبر تک جاری رہے گا۔ رجسٹریشن فیس 250 روپے مقرر کی گئی ہے۔ ایک گھر سے ایک فرد کی رجسٹریشن کرائی جا سکتی ہے۔