نیب ادارے کی کارکردگی میں بہتری کے لئے اپنے انویسٹی گیشن افسران اور پراسیکیوٹرز کی جدید خطوط پر تربیت کو اہمیت دیتا ہے،چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال

78

اسلام آباد ۔ یکم جولائی (اے پی پی) قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا ہے کہ نیب ادارے کی کارکردگی میں بہتری کے لئے اپنے انویسٹی گیشن افسران اور پراسیکیوٹرز کی جدید خطوط پر تربیت کو اہمیت دیتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیب ہیڈ کوارٹرز میں ٹریننگ، آپریشن اور پراسیکیوشن ڈویژن کی کارکردگی سے متعلق جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ نیب ملک کا انسداد بدعنوانی کا اعلیٰ ادارہ ہے جسے ملک سے بدعنوانی کے خاتمے کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ذمہ داری کو پورا کرنے کے لئے پرعزم اور انتہائی تربیت یافتہ افرادی قوت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب انسانی وسائل کی ترقی کو انتہائی اہمیت دیتا ہے، نیب کے افسران اور پراسیکیوٹرز کی پیشہ ورانہ بہتری کو یقینی بنانے کے لئے 2019ءکے لئے جامع تربیتی پلان تشکیل دیا گیا ہے، یہ بھی اتنا ہی اہم ہے کہ ٹرینرز بھی اس ذمہ داری کو پورا کرنے کے اہل ہوں۔ انہوں نے کہا کہ تمام علاقائی بیوروز میں ٹریننگ سیلز قائم کئے گئے ہیں جو کہ اپنے متعلقہ علاقائی بیوروز میں مجوزہ سرگرمیوں پر عملدرآمد کے ذمہ دار ہیں، نیب ہیڈ کوارٹرز میں ٹریننگ اینڈ ریسرچ ڈویژن کے تحت ٹریننگ آف ٹرینرز بھی منعقد کیا گیا۔