اسلام آباد۔3دسمبر (اے پی پی):نیب بلوچستان کے زیر اہتمام گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج جناح ٹاؤن کوئٹہ میں ڈویژنل لیول پر طلبا و طالبات کے درمیان اردو اور انگریزی تقاریر، مضمون نویسی ، کیلی گرافی اور پوسٹر سازی کے مقابلہ جات منعقد ہوئے۔جاری پر یس ریلیز کے مطابق اردو اور انگریزی تقاریر، مضمون نویسی ، کیلی گرافی اور پوسٹر سازی کے مقابلے تین اضلاع کوئٹہ ،پشین اور چمن کے طلبہ و طالبات کے مابین منعقد ہوئے۔
نیب اس طرح کے مقابلے ہر سال منعقد کرواتا ہے اور ان مقابلوں کا بنیادی مقصد طلبا میں کرپشن کے خلاف شعور اجاگر کرنا ہے۔ پروگرام کے مہمان خصوصی ڈاکٹر سعید احمد خان صاحب تھے جب کہ اعزازی مہمانان ڈائریکٹر نیب بلوچستان ہارون رشید صاحب اور ڈائریکٹر ہائیراینڈ ٹیکنیکل ایجوکیشن کالجز پروفیسر ڈاکٹر کلیم اللہ لانگو صاحب تھے ۔
طالب علموں نے ولولہ انگیز تقاریر پیش کرکے کرپشن اور بدعنوانی کے منفی اثرات پر اپنے اپنے انداز سے اظہار خیال کیا۔پروگرام کے دوران مہمان خصوصی ، ڈائریکٹر نیب ہارون رشید صاحب و دیگر مہمانان نے بدعنوانی کے خلاف اظہار خیال کیا۔اپنے خطاب میں انہوں نے کہاکہ کرپشن کے خاتمے کے لیے درس گاہوں کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہےاور اگر اساتذہ و طالبات اپنے اپنے فرائض ایمان داری سے انجام دینے کو شعار بنایں تو یہ بھی کرپشن کے تدارک میں ایک اہم محرک بن سکتا ہے۔
انہوں نے مقابلوں میں حصہ لینے والے طالب علموں کی کاوشوں کو بھی سراہا۔ ۔ پروگرام کے اختتام پر کامیاب قرار پانے والے طلبا و طالبات میں انعامات تقسیم کئے گئے ۔ اس موقع پر دیگر تعلیمی اداروں سے آئے ہوئے اساتذہ کرام طلبا و طالبات کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=416147