ایمسٹرڈیم۔8ستمبر (اے پی پی):نیدرلینڈز نے آٹھویں آئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کیلئے سکواڈ کا اعلان کردیا جس کی قیادت سکاٹ ایڈورڈز کو سونپی گئی ہے۔رولف وان ڈیر مروے بھی مضبوط ڈچ ٹی 20ورلڈ کپ سکواڈ میں شامل ہیں،رولف وان ڈیر مروے نے آخری بار نومبر 2021 میں بین الاقوامی کرکٹ کھیلی تھی۔
نیدرلینڈز کی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ ریان کک نے کہا ہے کہ ہم نے آئندہ ماہ آسٹریلیا میں شیڈول ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے لیے نوجوانوں اور تجربہ کار کھلاڑیوں پر مشتمل ایک متوازن سکواڈ تیار کیا ہے۔نیدرلینڈز کی ٹیم کوالیفائر کے ذریعے میگا ایونٹ میں شرکت کی اہل ہوئی ہے ۔ نیدرلینڈز کو میگا ایونٹ کے گروپ اے میں نمیبیا، سری لنکا اور متحدہ عرب امارات کے ساتھ رکھا گیا ہے۔ گروپ سے دو ٹیمیں اگلے مرحلے میں جگہ بنائیں گی۔نیدرلینڈز کی ٹیم میگا ایونٹ میں اپنا پہلا میچ 18 اکتوبر کو نمیبیا کے خلاف کھیلے گی۔