نیدر لینڈ، پاکستانی سفارتخانے میں یومِ پاکستان روایتی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا

75
نیدر لینڈ، پاکستانی سفارتخانے میں یومِ پاکستان روایتی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا

دی ہیگ۔24مارچ (اے پی پی):نیدر لینڈ میں قائم پاکستانی سفارتخانے میں یومِ پاکستان روایتی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا، پاکستان ہاؤس میں پرچم کشائی کی تقریب ہوئی جس میں نیدرلینڈکے مختلف علاقوں سے خواتین اور بچوں سمیت پاکستانی کمیونٹی کی کثیر تعداد نے شرکت کی،

قومی ترانے کی دھن پر سفیرِ پاکستان سلجوق مستنصر تارڑ نے قومی پرچم لہرایا۔ اس موقع پر صدر اور وزیراعظم کے پیغامات حاضرین کو پڑھ کر سنائے گئے جن میں قیام پاکستان کے مقاصد اور ایک حقیقی جمہوری فلاحی ریاست کی ترقی کے حکومتی عزم کو اجاگر کیا گیا۔

جمعرات کو جاری پریس ریلیز کے مطابق سفیرِ پاکستان نے اپنے خطاب میں پوری قوم کے لیے اس دن کی اہمیت کا اعادہ کیا، تحریک پاکستان کے رہنماؤں کو خراج تحسین پیش کیا اور وزیر اعظم اور وزیر خارجہ کے سمندر پار پاکستانیوں کی فلاح و بہبود کے اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا۔

انہوں نے شرکا کو پاکستان اور نیدر لینڈکے درمیان تعلقات اور دونوں ممالک کے درمیان تجارت کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے غیر قانونی بھارتی قبضے سے حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد میں کشمیری عوام کو خراج عقیدت پیش کیا۔

سفیر نے بتایا کہ پاکستان او آئی سی کے وزرائے خارجہ کی 48ویں کونسل کی کامیابی سے میزبانی کر رہا ہے اور اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں اسلامو فوبیا کے خلاف قرارداد منظور کرانے میں بھی کامیاب رہا ہے۔ انہوں نے نیدرلینڈمیں پاکستانی کمیونٹی پر زور دیا کہ وہ پاکستان اور نیدرلینڈ کے درمیان تعلقات کے فروغ میں اپنا تعمیری کردار ادا کرتے رہیں۔