24.4 C
Islamabad
اتوار, مئی 4, 2025
ہومقومی خبریںنیشنل پریس کلب اسلام آباد میں موبائل ایپ جرنلسٹ الرٹ کا باضابطہ...

نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں موبائل ایپ جرنلسٹ الرٹ کا باضابطہ افتتاح،مقررین نے ایپ کے اجرا کو تعمیری پیشرفت قرار دیا

- Advertisement -

اسلام آباد۔4مئی (اے پی پی):راولپنڈی/اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس (آر آئی یو جے) نے ہفتہ کے روز نیشنل پریس کلب (این پی سی) اسلام آباد میں منعقدہ سیمینار کے دوران موبائل ایپ ”جرنلسٹ الرٹ”کا باضابطہ افتتاح کر دیا جس کا مقصد پریس کی آزادی کے حق اور میڈیا ورکرز کی زندگیوں کا تحفظ کرنا ہے۔

یہ تقریب آزادی صحافت کے بینر تلے منعقد کی گئی اور اس میں ممتاز صحافیوں، سیاسی شخصیات اور سول سوسائٹی کے ارکان نے شرکت کی۔ سیمینار کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے رکن قومی اسمبلی ملک ابرار احمد نے صحافیوں کو اپنے فرائض کی انجام دہی میں درپیش چیلنجز پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ ہم صحافیوں کو درپیش بڑھتے ہوئے خطرات سے بخوبی آگاہ ہیں، تمام اسٹیک ہولڈرز کے لیے ضروری ہے کہ وہ نظام کو مضبوط بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

- Advertisement -

قومی ترقی میں صحافت کے وسیع تر کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے رکن قومی اسمبلی سحر کامران نے ایپ کے اجرا کو ایک تعمیری پیش رفت قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا کسی بھی ملک کی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے کیونکہ یہ متعلقہ فورم پر بنیادی مسائل کو اجاگر کرکے معاشرے کی خدمت کرتا ہے۔ آر آئی یو جے کے صدر طارق علی ورک نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایپ مختلف وجوہات کی بنا پر صحافیوں کو درپیش بڑھتے ہوئے خطرات کے جواب میں لانچ کی گئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ ایپ آزادی صحافت کی راہ میں رکاوٹیں پیدا کرنے والے مقاصد کا مقابلہ کرنے کے لئے ایک آلہ کے طور پر کام کرے گی اور میڈیا کارکنوں کو درپیش ممکنہ خطرات کی اطلاع دے کر ان کی حفاظت کو بھی یقینی بنائے گی ۔ این پی سی کے صدر اظہر جتوئی نے پریس کی آزادی کے لئے کلب کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے اسے اظہار رائے کی آزادی کا گڑھ قرار دیا۔

انہوں نے کہاکہ صحافیوں کو سچ رپورٹ کرنے سے کوئی نہیں روک سکتا جب تک کہ وہ آئین اور قانون کی حدود میں رہتے ہوئے کام کرتے ہیں۔ صحافیوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کی جانب ایک قدم کے طور پر موبائل ایپ ملک بھر میں صحافیوں کو درپیش خطرات، ہراسانی یا حملوں کے بارے میں میڈیا اداروں اور سرکاری اداروں کو آگاہ کرنے کے لئے ایک تیز رفتار رپورٹنگ ٹول کے طور پر کام کرے گی۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=592082

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں