اسلام آباد۔3مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ نیشنل پولیس بیورو (این پی بی)کا ملک بھر میں پولیسنگ کی موثر حکمت عملی تیار کرنے میں ایک اہم کردار ہے، این پی بی کو پالیسی کی ترقی، اصلاحات کے اقدامات اور ایجنسیوں کے درمیان تعاون کے فروغ کے لیے ایک اہم ادارے کے طور پر کام کرنا چاہیے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل پولیس بیورو (این پی بی) کے دورہ کے مو قع پر کیا۔ انہوں نے پولیسنگ کی عصری ضروریات کے مطابق ادارے کو جدید بنانے کے لیے فوری ایکشن پلان پر زور دیا۔پولیس اصلاحات پر ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئےوفاقی وزیر نے قومی پولیسنگ کے نظام کو بہتر بنانے میں این پی بی کی سٹریٹجک اہمیت پر زور دیا۔اپنے دورے کے دوران محسن نقوی نے کہا کہ بیورو پر ماضی میں خاطر خواہ توجہ نہیں دی گئی تھی ۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اب این پی بی کو پورے ملک میں پولیسنگ پالیسی، اصلاحات اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان ہم آہنگی کی تشکیل میں مرکزی کردار ادا کرنے کے لیے دوبارہ فعال کردار ادا کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل پولیس بیورو کا ملک بھر میں پولیسنگ کی موثر حکمت عملی تیار کرنے میں ایک اہم کردار ہے۔ اسے پالیسی کی ترقی، اصلاحاتی اقدامات اور ایجنسیوں کے درمیان تعاون کے لیے ایک اہم ادارے کے طور پر کام کرنا چاہیے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ این پی بی اپنے مقاصد کا از سر نو تعین کرے اور ہنگامی بنیادوں پر ایک جامع ایکشن پلان پیش کرے۔تحقیق اور تجزیہ کی صلاحیتوں کو بڑھانے کے لیے محسن نقوی نے جدید سافٹ ویئر کی فوری خریداری کی ہدایت کی جو ملک کے مختلف علاقوں میں جرائم کے رجحانات کا گہرائی سے تجزیہ کرنے میں سہولت فراہم کرے گا۔ مزید برآں وزیر داخلہ نے پولیس کیریکٹر سرٹیفکیٹ کے اجراء کے عمل کو بہتر بنانے پر بھی زور دیا اور ہدایت کی کہ اسے منظم اور تیز کیا جائے۔
انہوں نے بین الاقوامی تعاون کو مضبوط بنانے پر بھی زور دیا اور سفارش کی کہ عالمی سطح پر کردار کے فروغ کیلئے مزید افسران کو تربیت اور پوسٹنگ کے لیے بیرون ملک بھیجا جائے۔نیشنل پولیس بیورو کے ڈائریکٹر جنرل انسپکٹر جنرل عبدالخالق شیخ نے بیورو کے موجودہ کاموں اور چیلنجز کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=591769