ہیملٹن ۔ 29 نومبر (اے پی پی) ٹام لیتھم کی ناقابل شکست سنچری اور راس ٹیلر کی نصف سنچری کی بدولت نیوزی لینڈ نے انگلینڈ کے خلاف دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ کی اپنی پہلی اننگز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 173 رنز بنالئے، ٹام لیتھم ناقابل شکست 101 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، راس ٹیلر 53 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بلے باز رہے، کیویز ٹیم کی ابتدائی دو وکٹیں جلد گر جانے کے بعد دونوں کھلاڑیوں نے زمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور تیسری وکٹ کی شراکت میں 116 قیمتی رنز بنائے، میچ کا پہلا روز بارش سے متاثر ہوا اور 54.3 اوورز کا کھیل ممکن ہو سکا، ڈیرل مچل نے نیوزی لینڈ اور زک کرائولی نے انگلینڈ کی طرف سے ٹیسٹ ڈیبیو کیا۔ انگلینڈ کی طرف سے کرس واکیز نے دو جبکہ سٹورٹ براڈ نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ جمعہ کو ہیملٹن کے مقام پر دونوں ٹیموں کے درمیان دو میچوں پر مشتمل سیریز کا دوسرا ٹیسٹ میچ شروع ہوا تو مہمان ٹیم کے کپتان جو روٹ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ کیویز کی طرف سے جیت راوال اور ٹام لیتھم نے اننگز کا آغاز کیا، جیت راوال زیادہ دیر تک ٹام لیتھم کا ساتھ نہ دے سکے اور 5 رنز بناکر سٹورٹ براڈ کی گیند پر جو روٹ کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے، کپتان کین ولیمسن بھی کوئی خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکے اور 4 رنز بناکر کرس واکیز کی گیند پر جو روٹ کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے، اس کے بعد ٹام لیتھم نے راس ٹیلر کے ساتھ مل کر تیسری وکٹ پر 116 قیمتی رنز بنائے تاہم اس موقع پر راس ٹیلر اپنی نصف سنچری مکمل کرنے کے بعد 53 رنز بناکر کرس واکیز کی گیند پر جو روٹ کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے۔ میچ کا پہلا روز بارش سے متاثر ہوا اور 54.3 اوورز کا کھیل ہی ممکن ہوسکا۔ بارش سے متاثرہ میچ کے پہلے جب کھیل ختم ہوا تو کیویز ٹیم نے انگلینڈ کے خلاف اپنی پہلی اننگز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 173 رنز بنالئے تھے۔ ٹام لیتھم 101 اور ہنری نیکولس 5 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔ انگلینڈ کی طرف سے کرس واکیز نے دو جبکہ سٹورٹ براڈ نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔