نیوزی لینڈ نے پاکستان کے خلاف رنزکا پہاڑ کھڑا کر دیا ،پہلی اننگز 659 رنز 6کھلاڑی آئوٹ پر 362رنز کی مجموعی برتری کے ساتھ ڈیکلیئر کردی

57

کرائسٹ چرچ۔5جنوری (اے پی پی):کین ولیم سن اور ہنری نکولس کی شاندار بیٹنگ اور ریکارڈ شراکت داری کی بدولت نیوزی لینڈ نے نہ صرف پاکستان کے خلاف دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں رنز کا پہلاڑ کھڑا کر دیا بلکہ پاکستان کے خلاف اپنی ٹیم کی پوزیشن بھی مضبوط بنادی۔ دوسرے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز گرین شرٹس کی پہلی اننگز کے سکور 297 رنز کے جواب میں میزبان ٹیم نے اپنی پہلی اننگز 659 رنز 6کھلاڑی آئوٹ پر 362رنز کی مجموعی برتری کے ساتھ ڈیکلیئر کردی۔ کپتان کین ولیمسن اور ہنری نکولس نے انتہائی شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے چوتھی وکٹ پر369رنز کی ریکارڈ شراکت داری قائم کی ، پہلے ٹیسٹ میچ میں مین آف دی میچ کا اعزاز پانے والے کیوی ٹیم کے کپتان کین ولیم سن نے ایک بار پھر بیٹنگ کلاس دکھاتے ہوئے نہ صرف مسلسل دوسری اور اپنے ٹیسٹ کریئر کی 24ویں سنچری سکور کی بلکہ کیریئر کی چوتھی ڈبل سنچری بناکر سابق کیوی کپتان برینڈن میکولم کی 4 ڈبل سنچریوں کا ریکارڈ بھی برابر کردیا اور گرین شرٹس کے خلاف میچ میں اپنی ٹیم کی پوزیشن بھی مستحکم بنادی۔ کین ولیم سن 238،ہنری نکولس 157اور ڈئرل مچل ناقابل شکست 102رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔ پاکستان کی ٹیم ایک مرتبہ پھر مشکلات کا شکار ہے میچ کے تیسرے روز کھیل ختم ہونے تک گرین شرٹس نے ایک وکٹ کے نقصان پر 8رنز بنالیے اور اسے کیوی اننگز کا سکور برابر کرنے کے لیے مزید 354رنز کی ضرورت ہے جبکہ اس کی نو وکٹیں ابھی باقی ہیں۔ عابد علی سات اور محمد عباس ایک رن کے ساتھ ناٹ آئوٹ ہیں ۔ شان مسعود بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے ان کو کائل جیمی سن نے ٹم سائوتھی کے ہاتھوں کیچ آئوٹ کیا۔ پاکستان کی طرف سے شاہین شاہ آفریدی،محمد عباس اور فہیم اشرف دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ منگل کو کرائسٹ چرچ کے ہیگلے اوول میں کھیلے جارہےدوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز کیوی ٹیم نے اپنی پہلی ادھوری اننگز286 رنزتین کھلاڑی آئوٹ پر دوبارہ شروع کی تو کپتان کین ولیم سن 112 اور ہینری نکولس 89 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے۔ کپتان کین ولیم سن اور ہنری نکلز کے درمیان چوتھی وکٹ پر 369 رنز کی ریکارڈ شراکت داری قائم ہوئی۔نیکولس ہنری کیوی ٹیم کے چوتھے آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 157 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے ان کو محمد عباس نے نسیم شاہ کے ہاتھوں کیچ آئوٹ کیا۔ وکٹ کیپر بلے باز واٹلنگ 7رنز بناکر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر ہارث کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگیے۔ ان کے بعد کپتان کین ولیم سن کی عمدہ اننگز کا بھی خاتمہ ہوگیا اور وہ 238 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے ، یہ ان کے ٹیسٹ کیریئر کی 24ویں سنچری تھی اس کے علاوہ انہوں نے کیریئر کی چوتھی ڈبل سنچری بناکر سابق کیوی کپتان برینڈن میکولم کی 4 ڈبل سنچریوں کا ریکارڈ بھی برابر کردیا ۔ ان کو 238کے انفردی سکور پر فہیم اشرف نے آئوٹ کیا۔ ڈئرل مچل ناقابل شکست 102اور کائل جیمی سن 30رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ تھے کہ کپتان کین ولیم سن نے پہلی اننگز 659 رنز 6کھلاڑی آئوٹ پر 362رنز کی مجموعی برتری کے ساتھ ڈیکلیئر کردی۔پاکستان کی طرف سے شاہین شاہ آفریدی،محمد عباس اور فہیم اشرف دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔جواب میں پاکستان کی طرف سے شان مسعود اور عابد علی نے مایوس کن انداز میں دوسری اننگز کا آغاز کیا جب شان مسعود بغیر کوئی رن بنائے کائل جیمی سن کی گیند پر ٹم سائوتھی کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوکر پویلین لوٹ گئے۔میچ کے تیسرے روز جب کھیل ختم ہوا تو پاکستان ٹیم نے اپنی دوسری اننگز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 8رنز بنالیے تھے اور اسے کیوی اننگز کا سکور برابر کرنے کے لیے مزید 354رنز کی ضرورت ہے جبکہ اس کی نو وکٹیں ابھی باقی ہیں۔ عابد علی سات اور محمد عباس ایک رن کے ساتھ ناٹ آئوٹ ہیں ۔نیوزی لینڈ کی طرف سے واحد وکٹ کائل جیمی سن نے حاصل کی۔