نیوزی لینڈ کا پاکستان کے خلاف ون ڈے سیریز کے لئے قوی سکواڈ کا اعلان

68

ویلنگٹن۔4اپریل (اے پی پی): نیوزی لینڈ کرکٹ (این زیڈ سی)نے دورہ پاکستان کے لئے ون ڈے سکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔ ٹام لیتھم کیوی ٹیم کی قیادت کریں گے ۔ٹام لیتھم کی قیادت میں کیوی ٹیم نے آئی لینڈرزکے خلاف حالیہ ہوم سیریز میں کامیابی حاصل کی تھی اور ان کی کارکردگی کو مدنظررکھتے ہوئے ان کو پاکستان کے خلاف بھی ون ڈے سیریز کے لئے برقرار رکھا گیا ہے۔نوجوان کھلاڑیوں بین لسٹر اور کول میک کونچی کو بھی نیوزی لینڈ کے ون ڈے سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے جن کا گرین شرٹس کے خلاف سیریز میں ون ڈے ڈیبیو کرنے کا امکان ہے۔ دونوں کھلاڑیوں کو ون ڈے فارمیٹ میں پہلی بار شامل کیا گیا ہے۔ٹام بلنڈل، چیڈ باویس، میٹ ہینری اور ایڈم ملنے بھی نیوزی لینڈ اسکواڈ میں شامل ہیں۔ڈیرل مچل، ہنری نکولس، جمی نیشم، رچن روندرا بھی ٹیم کا حصہ ہیں۔ ہنری شیپلے، ایش سودھی، بلیئر ٹکنر اور ول ینگ بھی کیوی ون ڈے سکواڈ میں شامل ہیں۔واضح رہے کہ نیوزی لینڈ کی ٹی ٹونٹی ٹیم کا اعلان پہلے ہی کیا جاچکا ہے۔نیوزی لینڈ ٹی ٹونٹی سکواڈ کے پلیئرز 10 اپریل کو پاکستان پہنچیں گے۔ نیوزی لینڈ کرکٹ نے دورہ پاکستان کےلیے ثقلین مشتاق کی تقرری کا باضابطہ اعلان بھی کردیا ہے۔ ثقلین مشتاق سیریز کے دوران نیوزی لینڈ کے اسسٹنٹ کوچ ہوں گے۔نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ ثقلین مشتاق کی تقرری کیوی کرکٹرز کو پاکستانی کنڈیشنز میں ہم آہنگی میں مدد دے گی۔ہیڈ کوچ گیری سٹیڈ نے کہا ہے کہ ہم نے گزشتہ سیزن میں وائٹ بال کے دونوں فارمیٹس میں پاکستان کے خلاف کئی دلچسپ میچوں کا لطف اٹھایا ہے۔پاکستان میں رواں سال کے شروع میں کامیاب ون ڈے سیریز نے کھلاڑیوں کے لیے سیکھنے کے بڑے مواقع فراہم کیے اور ورلڈ کپ کے سال میں زیادہ ون ڈے میچوں کا تجربہ لاجواب ہے۔انہوں نے کہا کہ تجربہ کار ثقلین مشتاق کے سکواڈ کے ساتھ ہونے سے ان کی ٹیم کو فائدہ ہوگاان کی موجودگی میں ٹیم کو پاکستان کے گرائونڈ کنڈیشنز کے حوالے سے تیاریوں میں مدد ملے گی اور خاص طور پر ہمارے سپن باؤلنگ گروپ کو بہت فائدہ ہو سکتا ہے ۔کیوی ون ڈے سکواڈ کی قیادت ٹام لیتھم کریں گے جبکہ دیگرکھلاڑیوں میں ٹام بلنڈل، چاڈ بوز، میٹ ہنری، بین لسٹر، کول میکونچی، ایڈم ملنے، ڈیرل مچل، جمی نیشم، ہنری نکولس، ریچن رویندرا، ہنری شپلی، ایش سودھی، بلیئر ٹکنر اور ول ینگ شامل ہیں۔ نیوزی لینڈ اور پاکستان کے درمیان شیڈول پانچ ایک روزہ میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ 26 اپریل کو لاہور میں کھیلا جائے گا۔ \932