نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے شیڈول کا اعلان

220
نیوزی لینڈ

کراچی۔ 13 مارچ (اے پی پی):پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)نے نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے شیڈول کا اعلان کردیا ہے۔ نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم 14 اپریل سے پاکستان کا دورہ کرے گی جس میں وہ 5 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کھیلے گی۔پاکستان کرکٹ بورڈ سے بدھ کو یہاں جاری اعلامیہ کے مطابق سیریز کے تین میچز 18، 20 اور 21 اپریل کو راولپنڈی کے پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے جس کے بعد لاہور 25 اور 27 اپریل کو سیریز کے بقیہ 2 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کی میزبانی کرے گا۔ ٹی ٹونٹی سیریز کے تمام 5 میچز رات سات بجے شروع ہوں گے اور فلڈ لائٹس کی روشنی میں کھیلے جائیں گے ۔

نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم کا یہ دورہ 17 ماہ کے عرصے میں تیسرا دورہ پاکستان ہوگا۔ اس سے قبل کیوی ٹیم نے دسمبر 2022/ جنوری 2023 میں 2 ٹیسٹ اور 3 ون ڈے میچوں کی سیریز کے لیے پاکستان کا دورہ کیا تھا۔ اسی سال کے آخر میں وہ 10 وائٹ بال میچوں میں حصہ لینے کے لیے پاکستان آئی تھی یہ میچز لاہور، راولپنڈی اور کراچی میں کھیلے گئے تھے۔

ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ عثمان واہلہ کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ اور نیوزی لینڈ کرکٹ کے درمیان غیر متزلزل دوستی کے ثبوت میں، ہمیں نیوزی لینڈ کی ٹیم کے دورہ پاکستان کے شیڈول کا اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے۔یہ دورہ ان گہرے تعلقات اور باہمی احترام کی علامت ہے جو ہمارے دونوں کرکٹ ممالک کے درمیان موجود ہے۔ہمارے شائقین اور پاکستانی عوام نیوزی لینڈ کی ٹیم کا ایک بار پھر خیرمقدم کریں گے اور ہمیں امید ہے کہ ایک اور مسابقتی سیریز ہو گی جو اس سال کے آئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کی تیاری کا ایک اہم حصہ ہے۔