نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کیلئے 16 رکنی پاکستانی سکواڈ کا اعلان

142

کراچی۔5جنوری (اے پی پی):نیوزی لینڈکے خلاف ون ڈے سیریز کیلئے 16 رکنی پاکستانی سکواڈ کا اعلان کردیا گیا ہے۔ دونوں ٹیموں کے مابین تین میچوں پر مشتمل سیریز کے میچز بالترتیب 9 ،11 اور13 جنوری کو نیشنل سٹیڈیم کراچی( نیشنل بنک کرکٹ ایرینا ) میں کھیلے جائیں گے۔ نیشنل سٹیڈیم کراچی میں جمعرات کو عبوری سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین شاہدآفریدی نے کمیٹی کے رکن ہارون رشید کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے نیوزی لینڈ کے خلاف تین ایک روزہ بین الاقوامی میچوں کی سیریز کے لئے قومی سکواڈ کے ناموں کا اعلان کیا۔ انہوں نے بتایا کہ سکواڈ کی قیادت بابراعظم کریں گے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں فخر زمان، حارث رئوف، حارث سہیل، امام الحق، کامران غلام، محمد حسنین، محمد نواز، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، محمد وسیم جونیئر، نسیم شاہ، سلمان علی آغا، شاہنواز دھانی، شان مسعود، طیب طاہر اور اسامہ میر شامل ہیں۔شاہد آفریدی نے بتایا کہ شاداب خان کو انجری کے باعث سکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا۔

پچ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر ہمیں بین الاقوامی کرکٹ میں اپنا معیار بڑھانا ہے تو ہمیں بائونسی پچز تیار کرنا ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ ڈومیسٹک کرکٹ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے سینٹرل پنجاب کے بیٹر طیب طاہر اور سپنر اسامہ میر کو پہلی مرتبہ قومی سکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے۔ شان مسعود اور حارث سہیل کی قومی ون ڈے انٹرنیشنل سکواڈ میں واپسی ہوئی ہے۔ ان کے علاوہ کامران غلام بھی قومی ون ڈے انٹرنیشنل سکواڈ کا حصہ ہیں۔انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے دوران زخمی ہونے والے فاسٹ بائولر حارث رئوف نے مکمل فٹنس بحال کرلی ہے، لہذا انہیں دوبارہ سکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے تاہم میڈیکل پینل سے مشاورت کے بعد شاہین شاہ آفریدی کو فی الحال سکواڈ میں شامل نہ کرنے کا فیصلہ برقرار رکھا گیا ہے۔

امید ہے کہ وہ ایچ بی ایل پی ایس ایل 8 سے قبل مکمل فٹنس حاصل کرلیں گے۔انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا میں بگ بیش کرکٹ کے دوران انجری کے باعث پاکستان کے نائب کپتان شاداب خان کو سلیکشن کے لیے زیرغور نہیں لایا گیا۔عبوری سلیکشن کمیٹی کے سربراہ کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال پاکستان نے محدود ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ کھیلی ہے تاہم اس سال پاکستان کو اس طرز کی کرکٹ میں اے سی سی ایشیا کپ اور آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ میں شرکت کرنا ہے۔ ایشیا کپ سے قبل ہی پاکستان کو گیارہ ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلنے ہیں جہاں ہر ممکنہ آپشنز استعمال کرنے کی کوشش کریں گے تاکہ ان ایونٹس کے لیے بہترین کھلاڑیوں کا انتخاب کیا جائے۔

اسی تناظر میں شان مسعود اور حارث سہیل کی دوبارہ سکواڈ میں واپسی ہوئی ہے۔ ان دونوں کھلاڑیوں میں ابھی بھی کرکٹ باقی ہے ۔ ہم نے ڈومیسٹک کرکٹ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے طیب طاہر اور اسامہ میرکو نہ صرف سکواڈ میں شامل کیا ہے بلکہ انہیں مستقبل کے لیے بھی بیک اپ کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو کھلاڑی نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے انٹرنیشنل سکواڈ کا حصہ نہیں بن سکے ، وہ آئندہ سیریز کی سلیکشن کے لیے زیرغور ضرور رہیں گے۔ ہم نے کھلاڑیوں کی ریڈ اور وائیٹ بال میں ورک لوڈ منیجمنٹ کو بھی زیرغور رکھا ہے تاہم اس کے لیے ہمیں ممکنہ کھلاڑیوں کا پول بڑھانے کی ضرورت ہے۔ شاہد آفریدی نے کہا کہ فخر زمان اور حارث سہیل کی جانب سے مکمل فٹنس حاصل کرنے پر انہیں خوشی ہے تاہم شاداب خان اور شاہین شاہ آفریدی کو فٹنس وجوہات کے باعث سکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا۔