ماونٹ منگنوئی۔30دسمبر (اے پی پی):پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان مائونٹ منگنوئی ٹیسٹ قومی ٹیم کے بلے باز فواد عالم کے لئے یادگار بن گیا‘ فواد عالم نے یادگار اننگز کھیل کر کئی ریکارڈز اپنے نام کئے۔ بدھ کے روز ماونٹ منگنوئی میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کو شکست سے تو دوچار ہونا پڑا مگر قومی بلے باز فواد عالم نے کئی ریکارڈز اپنے نام کئے۔ مڈل آرڈر بلے باز نے 11 برس کے طویل وقفے کے بعد کیریئر کی دوسری سنچری سکور کی‘ اس سے قبل انہوں نے 2009 میں اپنے کیریئر کے پہلے ٹیسٹ میچ میں سنچری سکور کی تھی۔ وہ نیوزی لینڈ میں چوتھی اننگز میں سنچری سکور کرنے والے پہلے پاکستانی بلے باز بن گئے ہیں۔ انہوں نے ایشیا سے باہر چوتھی اننگز میں وہ 360 سے زائد منٹ طویل وکٹ پر ٹھہرنے والے پاکستانی بلے باز کے طور پر بھی نام درج کرایا ہے۔ ان سے پہلے اسد شفیق نے برسبین ٹیسٹ 2016ء میں 336 منٹ کریزپرگزارے تھے۔ پہلا ٹیسٹ میچ جہاں فواد عالم کے لئے یادگار رہا وہیں نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم نے ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں پہلی بار ٹاپ پوزیشن حاصل کرکے تاریخ رقم کی۔