نیوٹریشن انٹرنیشنل کے زیر اہتمام پشاور میں ایک روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد

26

پشاور۔ 03 جولائی (اے پی پی):نیوٹریشن انٹرنیشنل کے زیر اہتمام پشاور میں ایک روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا جس میں فلور ملز سے وابستہ افراد کے لئے ملرز فار نیوٹرشن ویب سائٹ میں فلور ملز رجسٹریشن کا طریقہ سکھا یاگیا اور صحت اور کاروباری نوعیت کے حوالے فولادی آٹے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔ورکشاپ میں پشاور، خیبر، نوشہرہ، مردان, کوہاٹ، چارسدہ کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے فلور ملز مالکان، ملازمین اور دیگر متعلقہ افراد نے شرکت کی۔ اس تربیتی پروگرام کا مقصد آٹے میں غذائیت کی بہتری اور فورٹیفکیشن سے متعلق شعور اجاگر کرنا تھا۔ تقریب سے نیوٹریشن انٹرنیشنل کے پروگرام منیجر امتیاز علی شاہ، زونل منیجرز راشد سلیم اور شیر امان، باچا خان یونیورسٹی چارسدہ کے پروفیسر ڈاکٹر افتخار، شہید بینظیر یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر ریحانہ مسعود نے خطاب کیا۔

مقررین نے آٹے میں مائیکرونیوٹرنٹس کی شمولیت کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں غذائی قلت ایک سنگین مسئلہ ہے، جس پر قابو پانے کے لیے آٹے کو غذائیت سے بھرپور بنانا ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر فلور ملز فورٹیفکیشن کے مقررہ معیارات پر عمل کریں تو یہ قومی سطح پر صحتِ عامہ میں بہتری کی طرف ایک مثبت قدم ہوگا۔ پروگرام میں ماہرین نے حاضرین کو فورٹیفکیشن، پروسیسنگ، معیار کی نگرانی، اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے متعلق عملی سیشنز دیئے۔ انہوں نے بتایا کہ آٹے میں آئرن، زنک، فولک ایسڈ اور وٹامنز بی شامل کرنے سے بچوں، حاملہ خواتین اور غذائی قلت کا شکار طبقات کو فائدہ پہنچایا جا سکتا ہے۔ شرکاء نے اس ورکشاپ کو ایک مفید اور معلوماتی تجربہ قرار دیتے ہوئے نیوٹریشن انٹرنیشنل کی کاوشوں کو سراہا۔