اسلام آباد۔21فروری (اے پی پی):نگران وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت مدد علی سندھی نے کہا ہے کہ نیوٹیک کے دائرہ کار کو صوبوں تک بڑھایا جائے، اس کے دائرہ کار میں یونیورسٹیوں کو بھی شامل کرنا دانشمندی ہو گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو نیوٹیک کی سٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں چیئرپرسن نیوٹیک گلمینہ بلال احمد کے علاوہ وزارت تعلیم کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔وفاقی وزیر مدد علی سندھی نے کہا کہ بطور وزیر ان کے دور میں یہ نیوٹیک سٹیئرنگ کمیٹی کا دوسرا اجلاس تھا۔
انہوں نے کمیٹی کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور آنے والی حکومت پر زور دیا کہ وہ اسے بھی اہمیت دے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ اجلاس میں انہوں نے خواتین کے کوٹہ میں اضافہ کیا تھا جس پر عملدرآمد کر دیا گیا ہے اور آج انہوں نے چیئرپرسن کو ہدایت کی ہے کہ نیوٹیک کے تمام پروگراموں میں معذور اور خواجہ سرا کا کوٹہ بھی بڑھایا جائے۔انہوں نے کہا کہ نیوٹیک کے دائرہ کار کو صوبوں تک بڑھایا جائے، نیوٹیک کے دائرہ کار میں یونیورسٹیوں کو بھی شامل کرنا دانشمندی ہوگی۔مدد علی سندھی نے سیکرٹری تعلیم پنجاب اور سندھ کی عدم حاضری پر تشویش کا اظہار کیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=441716