نیپرا کی ڈسکوز کے جولائی کے فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کے حوالے سے عوامی سماعت مکمل، ڈسکوز کی 1 روپے 57 پیسے فی یونٹ اضافہ کی درخواست

88
Nepra
Nepra

اسلام آباد۔30اگست (اے پی پی):نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کی بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) کے جولائی کے ماہانہ فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ (ایف سی اے) کے حوالے سے عوامی سماعت مکمل ہوگئی۔ڈسکوز کی جانب سے سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی گارنٹی لمیٹڈ (سی پی پی اے جی) نے ایف سی اے کی مد میں 2روپے 07 پیسے فی یونٹ اضافہ کی درخواست جمع کروائی تھی۔ ترجمان نیپرا کی طرف سے بدھ کو جاری بیان کے مطابق سماعت میں ڈسکوز، سی پی پی اے جی اور بزنس کمیونٹی کے نمائندوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی،سی پی پی اے جی نے دوران سماعت اپنی درخواست 1 روپے 57 پیسے تک محدود کر دی۔

نیپرا ممبران نے سی پی پی اے جی حکام سے پوچھا کہ کوئلے کی قیمت میں کمی کے باوجود کوئلے سے بجلی کی پیداواری لاگت کیوں زیادہ ہے، ممبران نے مزید کہا کہ سی پی پی اے جی کوئلے سے چلنے والے پاورپلانٹس کی کاکردگی رپورٹ جمع کروائیں ۔ نیپرا ممبران نے کہا کہ کئی سالوں سے گٹی اور دیگر کچھ گرڈ ز کی کم استعداد کی وجہ سے مہنگے پاور پلانٹس چلائے جا رہے ہیں اور این ٹی ڈی سی حکام سے گٹی اور دیگرگرڈز کی استعداد نا بڑھانے پر رپورٹ طلب کی ۔ اتھارٹی نے ڈسکوز کو بجلی چوری کی روک تھام اور لائن لاسز میں کمی لانے کے لئے کوششیں مزید تیز کرنے کی ہدایات دیں اور ڈسکوز سے 15 دن میں کارکردگی میں بہتری لانے کے حوالے سے رپورٹ طلب کی۔

ممبران نے کہا کہ اتھارٹی 3 ہفتوں کے بعد ڈسکوز کی کارکردگی کو جانچنے کے لئے سماعت کرے گی ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا کیونکہ کہ آج صرف اسٹیک ہولڈرز کو سنا گیا ہے۔اتھارٹی ڈیٹا کی مزید جانچ پڑتال کے بعد اپنا تفصیلی فیصلہ جاری کرے گی۔عوامی سماعت چیئرمین نیپرا وسیم مختار کی زیر صدارت ہوئی جس میں نیپرا ممبران ، انجینئر رفیق احمد شیخ ، انجینئر مقصود انور خان ، مطہر نیاز رانا اور آمنہ احمد نے بھی شرکت کی۔