ن لیگ اور پیپلزپارٹی نے الیکشن کمیشن آف پاکستان سے اپنے خفیہ اکائونٹس چھپا کر جرم کیا ہے، دونوں جماعتوں کے خلاف ہر قیمت پر تحقیقات ہونی چاہییں،تحریک انصاف دونوں جماعتوں کو راہ فرار اختیار نہیں کرنے دے گی،وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب

38

اسلام آباد۔14جولائی (اے پی پی):وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی سمیت تمام اپوزیشن جماعتوں کو چاہیے کہ فارن فنڈنگ کے حوالے سے اپنے ریکارڈ جمع کرائیں جیسا کہ دونوں جماعتوں نے اپنے کئی خفیہ اکائونٹس چھپا کر رکھے ہوئے تھے، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پہلے ہی اپنے ڈونرز کے بینک اکائونٹ کی تمام تفصیلات الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کے پاس جمع کرا چکی ہے۔

بدھ کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ درخواست دہندہ اکبر اویس بابر نے غیر ملکی فنڈنگ کیس سے متعلق اپنی سفارشات پر عمل درآمد کے لئے الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کی اسکروٹنی کمیٹی کو درخواست جمع کرائی تھی، پی ٹی آئی نے غیر ملکی فنڈنگ کیس سے متعلق اسکروٹنی کمیٹی کے ساتھ اپنی شدید تشویش ظاہر کی تھی۔

فرخ حبیب نے کہا کہ تحریک انصاف فارن فنڈنگ کے حوالے سے تمام تر شواہد کے ساتھ اپنی رپورٹ جمع کرا چکی ہے، پیپلزپارٹی اور ن لیگ کرپٹ مافیا سے فنڈنگ لیتے رہے ہیں اور ان دونوں جماعتوں کے خلاف ہر قیمت پر تحقیقات ہونی چاہییں، ن لیگ نے 12 اور پیپلزپارٹی کے 7 خفیہ اکائونٹس ہیں جن میں سے اربوں روپے کی ٹرانزیکشنز ہوئی ہیں، دونوں جماعتوں کو اس حوالے سے ہر صورت میں اپنی پوزیشن واضح کرنی ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی نے ای سی پی سے اپنے اکائونٹس چھپا کر جرم کیا ہے، اس کے علاوہ دونوں جماعتوں نے تاحال اپنے ڈونرز کے حوالے سے کوئی تفصیلات ای سی پی کے پاس جمع نہیں کرائیں، تحریک انصاف دونوں جماعتوں کو راہ فرار اختیار نہیں کرنے دے گی۔ وزیر مملکت نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان ایک آئینی ادارہ ہے جو تحریک انصاف کے دور حکومت کے دوران بغیر کسی سیاسی دبائو کے اپنا کام کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ نے 2017ءسے فارن فنڈنگ رپورٹ ای سی پی سکروٹنی کمیٹی کے پاس جمع نہیں کرائی۔