ن لیگ نے بجلی کے مہنگے معاہدے کر کے قوم پر ظلم کئے،یہ لوگ قومی مجرم ہیں، حکومت لوٹ مار کرنے والوں کے خلاف احتساب کے معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی،وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب

108

اسلام آباد۔22مئی (اے پی پی):وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ سابق حکمرانوں کی لوٹ کھسوٹ کی وجہ سے ملک دیوالیہ ہونے کے قریب تھا اور یہ لوگ 9 ارب ڈالر کے زرمبادلہ کے ذخائر چھوڑ کر گئے تھے، وزیراعظم عمران خان لوٹ مار کرتے ہیں اور نہ ہی عوام کا پیسہ چوری کرتے ہیں، وہ ملک کی ترقی اور خوشحالی کیلئے خلوص نیت کے ساتھ کام کر رہے ہیں جس کی وجہ سے کورونا، ٹڈی دل کے حملے، اپوزیشن کی بلیک میلنگ اور سرحد کی پیچیدگیوں کے باوجود ملک معاشی استحکام کی جانب گامزن ہے، آئی ایم ایف اور عالمی مالیاتی ادارے بھی پاکستان کی معاشی استحکام کیلئے کاوشوں کا اعتراف کر رہے ہیں، ن لیگ نے اپنے دور حکومت میں بجلی کے مہنگے معاہدے کئے، ان کے معاہدوں کی وجہ سے موجودہ حکومت کو کیپسٹی پیمنٹ کی مد میں 1500 ارب روپے ادا کرنے ہیں، یہ قومی مجرم ہیں، تحریک انصاف حکومت نے صارفین کو سستی بجلی مہیا کرنے کیلئے توانائی کے منصوبے شروع کئے ہیں۔

ہفتہ کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مایوسی پھیلانا اور حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کرنا اپوزیشن کا کام ہے، ن لیگ کے دور حکومت میں کریڈٹ کارڈ معاشی گروتھ تھی، کرنٹ اکاﺅنٹ خسارہ 19.2 فیصد تھا، برآمدات نیچے آ رہی تھی جبکہ ایگریکچر گروتھ منفی میں تھی جبکہ11.7 بلین ڈالر کا ریکارڈ قرضہ لیا، تحریک انصاف کے دور حکومت کے دوران چیلنجز اور مشکلات کے باوجود معاشی گروتھ چار فیصد رہی، برآمدات میں ساڑھے تیرہ فیصد اضافہ ہوا، ایگریکلچر شوگر کین میں بائیس فیصد اضافہ، گندم اور مکئی کی ریکارڈ پیداوار ہوئی ہے اور ترسیلات زر میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے، اگر کورونا، ٹڈی دل حملہ، اپوزیشن کے دھرنے جلوس نہ ہوتے تو ملک کی معاشی گروتھ 7 فیصد تک پہنچ چکی ہوتی۔

ایک سوال کے جواب میں فرخ حبیب نے کہا کہ اسحاق ڈار اعدادوشمار میں ہیرپھیر کے ماہر تھے اور انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کا بھی اس حوالے سے بیان موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 10 ماہ کے دوران لارج اسکیل مینوفیکچرنگ میں 9 فیصد اضافہ ہوا ہے، سیمنٹ کی سیل 40 فیصد جبکہ گاڑیوں کی سیل میں 54 فیصد اضافہ دیکھنے کو آیا ہے، 9 لاکھ موٹرسائیکلیں فروخت ہوئی ہیں جبکہ ملک کی مجموعی معاشی شرح نمو میں 33 بلین ڈالر کا اضافہ ہوا ہے۔

وزیر مملکت نے کہا کہ تحریک انصاف حکومت پائیدار معاشی ترقی کے ماڈل پر کام کر رہی ہے، ہائیڈرو منصوبوں اور ڈیموں کی تعمیر پر کام شروع ہے، روشن ڈیجیٹل اکائونٹ کے اندر ایک بلین ڈالر آئے اور ڈھائی بلین ڈالر یوروبانڈ کی شکل میں آ ئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف حکومت لوٹ مار کرنے والوں کے خلاف بلاتفریق احتساب کے معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی، پیپلزپارٹی اور ن لیگ کے قائدین نے بے دردی کے ساتھ قومی خزانے کو لوٹا اور یہ لوگ بڑے پیمانے پر بدعنوانیوں میں ملوث رہے۔ فرخ حبیب نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان ملک کی بہتری اور ترقی کیلئے موثر انداز کے ساتھ کام کر رہے ہیں اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے متعدد فلاحی منصوبے شروع کئے ہیں۔