واشنگٹن میں یوم پاکستان کے موقع پر پا کستانی سفارتخانے میں پرچم لہرا نے کی تقریب کا انعقا د

141

واشنگٹن ۔23مارچ (اے پی پی):واشنگٹن ڈی سی میں 83ویں یوم پاکستان کے موقع پر پاکستانی سفارت خانے میں جمعرات کو پرچم کشائی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔یہ دن امریکہ کے مختلف حصوں میں مقیم پاکستانی تارکین وطن کی طرف سے قومی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جاتا ہے تاکہ آباؤ اجداد کو خراج عقیدت پیش کیا جا سکے اور اپنے وطن سے وابستگی کی تجدید کی جا سکے۔ایک سادہ مگر پر وقار تقریب میں امریکہ میں پاکستان کے سفیر مسعود خان نے قومی ترانہ پر قومی پرچم لہرایا ۔اس موقع پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیر اعظم شہباز شریف کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔

سفیر مسعود خان نے اس موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ یوم پاکستان ہمیں یاد دلا تا ہے کہ خواب پورے ہو سکتے ہیں، یہ دن جنوبی ایشیا کے مسلمانوں کی ایک علیحدہ وطن کی خواہش کی انتہا ہے جہاں وہ اپنی اقدار کے مطابق اپنی زندگیاں گزار سکیں اور خوف و ہراس سے آزاد رہیں۔انہوں نے کہا کہ اس دن ہم اپنی قوم کی شان کو برقرار رکھنے اور اپنی ریاست کی اقتصادی ترقی اور اقوام عالم میں وقار کو بڑھانے کے لیے انتھک محنت کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔

سفیر مسعود خان نے پاکستانی عوام اور امریکہ میں مقیم ڈائسپورا کمیونٹی کے ارکان کو یوم پاکستان کے مو قع پر مبارکباد بھی دی۔پرچم کشائی کی تقریب میں سفارتخانہ پاکستان کے افسران اور اہلکاروں نے اپنے اہل خانہ کے ہمراہ شرکت کی۔اسی طرح یوم پاکستان کی مناسبت سے امریکہ بھر میں پاکستان کے قونصل خانوں میں بھی پرچم کشائی کی تقریبات منعقد کی گئیں۔