ورلڈکپ،جنوبی افریقہ کےہاتھوں بدترین شکست کے بعدانگلینڈ کی ٹائٹل دفاع کی امیدیں معدوم پڑ گئیں،کلاسن پلیئر آف دی میچ قرار

کھیل کی خبریں

وینکھڈے۔21اکتوبر (اے پی پی):آئی سی سی ورلڈکپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں جنوبی افریقہ نے دفاعی و عالمی چیمپئن انگلینڈ کو 229 رنز کے واضح مارجن سے بدترین شکست دے کر تیسری کامیابی حاصل کر لی، انگلش ٹیم کی تیسری شکست کے بعد ٹائٹل دفاع کی امیدیں معدوم ہو گئ ہیں، پروٹیز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 399 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا، انگلش ٹیم ہدف کے تعاقب میں 22 اوورز میں 170 رنز پر ڈھیر ہو گئی، پروٹیز بائولرز کی برق رفتار گیندوں کے سامنے انگلینڈ کی بیٹنگ لائن اپ ریت کی دیوار ثابت ہوئی، مارکو جانسن نے ناقابل شکست 75 رنز بنائے اور2 وکٹیں لے کر ٹیم کی جیت میں اپنا حصہ ڈالا، ہنرچ کلاسن کوشاندار سنچری سکور کرنے پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔

ہفتہ کو وینکھڈے اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ورلڈکپ کے 20ویں میچ میں انگلش کپتان جوز بٹلر نے ٹاس جیت کر پہلے بائولرز کو آزمانے کا فیصلہ کیا جو ان کیلئے مہنگا ثابت ہوا، پروٹیز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 399 رنز کا بڑا مجموعہ تشکیل دیا، ہنرچ کلاسن نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 109 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، ریزا ہینڈرکس 85، ریسی وانڈرڈوسن 60، کپتان ایڈن مارکرم 42، ڈی کوک 4، ڈیوڈ ملر 5 اور گیرالڈ کوئٹزی 3 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، مارکو جانسن نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے حریف بائولرز کی خوب درگت بنائی،

انہوں نے 42 گیندوں پر 6 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 75 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، ریس ٹاپلے نے 3، اٹکنسن اور عادل رشید نے 2، 2 وکٹیں لیں۔ جواب میں انگلش ٹیم ہدف کے تعاقب میں 22 اوورز میں 170رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی، پروٹیز فاسٹ بائولرز نے عمدہ لائن و لینتھ سے بائولنگ کرتے ہوئے حریف ٹیم کی مضبوط بیٹنگ لائن اپ کی دھجیاں بکھیر کر رکھ دیں،مارک ووڈ 43 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے جبکہ اٹکنسن 35 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، جونی بیئرسٹو10، ڈیوڈ میلان 6، جوروٹ 2، بین سٹوکس 5، ہیری بروک 17، کپتان جوز بٹلر 15، ڈیوڈ ویلے 12، عادل رشید 10رنز کر چلتے بنے، ریس ٹاپلے انجری کے باعث بیٹنگ کیلئے نہیں آ سکے، گیرالڈ نے تین ،جانسن اور نگیڈی نے دو، دو جبکہ ربادا اور مہاراج نے ایک، ایک وکٹ لی۔

یہ جنوبی افریقہ کی میگا ایونٹ میں تیسری کامیابی ہے اور وہ 6 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر تیسرے نمبر پر موجود ہے جبکہ دفاعی چیمپئن انگلینڈ کو تیسری شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے جس کے بعد وہ پوائنٹس ٹیبل پر نویں نمبر پر چلی گئی ہے اور اس کی ٹائٹل دفاع مہم دم توڑنے لگی ہے۔