ورلڈ کپ ، جنوبی افریقہ نے نیوزی لینڈ کو فتح کیلئے 358 رنز کا ہدف دے دیا، کوئنٹن ڈی کوک اور وان ڈر داسن کی شاندار سنچریاں

World Cup 2023 Final
World Cup 2023 Final

پونے۔1نومبر (اے پی پی):آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ کے اہم میچ میں جنوبی افریقہ نے نیوزی لینڈ کو فتح کے لئے 358 رنز کا ہدف دے دیا، کوئنٹن ڈی کوک اور راسی وان ڈر داسن نے شاندار سنچریاں سکور کیں، ڈیوڈ ملر نے جارحانہ نصف سنچری بنائی۔ بدھ کے روز مہاراشٹرا کرکٹ ایسوسی ایشن سٹیڈیم پونے میں کھیلے جارہے ورلڈ کپ کے 32ویں میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا،

جنوبی افریقہ نے مقررہ 50 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 357 رنز بنائے، جنوبی افریقہ کی پہلی وکٹ 38 کے مجموعی سکور پر گر گئی جب کپتان ٹمبا باووما 24 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، پہلی وکٹ جلد گرنے کے باوجود پروٹیز بلے بازوں نے کیوی بائولرز کو دبائو میں رکھا اور سکور کو تیزی سے آگے بڑھانے کا سلسلہ شروع کردیا، اوپنر ڈی کوک اور راسی وان ڈر داسن نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 200 رنز بنا کر اپنی ٹیم کو مضبوط پوزیشن پر پہنچا دیا،

ڈی کوک نے رواں ورلڈ کپ میں اپنی چوتھی سنچری مکمل کی، وہ 116 بالوں پر 3 چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے 114 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے جبکہ راسی وان ڈر داسن نے 5 چھکوں اور 9 چوکوں کی مدد سے 118 بالوں پر 133 رنز بنائے، ڈیوڈ ملر نے 29 بالوں پر 53 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جس میں 4 چھکے اور دو چوکے شامل ہیں۔

نیوزی لینڈ کے تجربہ کار فاسٹ بائولر ٹم سائوتھی نے 2 وکٹیں حاصل کیں، ٹرینٹ بولٹ اور جیمز نیشم نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ اس طرح جنوبی افریقہ نے نیوزی لینڈ کو فتح کے لئے 358 رنز کا ہدف دیا ہے۔