بنگلور۔۔26اکتوبر (اے پی پی):آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ کے میچ میں سری لنکا نے یکطرفہ مقابلے کے بعد انگلینڈ کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی، انگلینڈ کا 157 رنز کا ہدف سری لنکا نے 26ویں اوور میں حاصل کرلیا، پاتھم نسانکا نے 77 اور سدیرا سمارا وکرما نے 65 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، لہیرو کمارا کو شاندار پرفارمنس پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا،
اس فتح کے بعد سری لنکن ٹیم سیمی فائنل میں پہنچنے کی دوڑ میں شامل ہوگئی ہے جبکہ انگلینڈ کے سیمی فائنل کھیلنے کے امکانات معدوم ہوگئے ہیں۔
جمعرات کو ایم چنا سوامی سٹیڈیم بنگلور میں کھیلے گئے ورلڈ کپ کے 25ویں میچ میں انگلینڈ کے کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو غلط ثابت ہوا اور پوری ٹیم 33.2 اوورز میں156 رنز پر ڈھیر ہوگئی، یہ انگلینڈ کا سری لنکا کے خلاف ورلڈ کپ مقابلوں میں سب سے کم سکور ہے۔ انگلش اوپنرز نے محتاط انداز میں اننگز کا آغاز کیا تاہم 45 کے مجموعی سکور پر ڈیوڈ ملان 28 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے تو انگلینڈ کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرنا شروع ہوگئیں، 122 کے مجموعی سکور پر انگلینڈ کی 6 وکٹیں گر چکی تھیں، جونی بیرسٹو 30 ، جو روٹ 3، کپتان جوز بٹلر 8 ، لیام لیونگ سٹون ایک اور معین علی 15 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے،
اس موقع پر بین سٹوکس نے ایک اینڈ پر سکور بنانے کا سلسلہ جاری رکھا تاہم وہ 43 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، اس کے بعد دیگر بلے باز بھی 34 ویں اوور میں156 رنز پر آئوٹ ہوگئے۔ کرس ووکس صفر، عادل رشید دو اور مارک ووڈ پانچ رنز بنا کر آئوٹ ہوئے جبکہ ڈیوڈ ولی 14 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے۔ سری لنکا کی جانب سے لہیرو کمارا نے3 اہم وکٹیں حاصل کیں، طویل عرصہ بعد ٹیم میں واپسی کرنے والے اینجلو میتھیوز اور کاسن رجیتھا نے دو دو جبکہ مہیش تھیکشنا نے ایک وکٹ حاصل کی۔
سری لنکا نے انگلینڈ کا 157 رنز کا آسان ہدف 2 وکٹوں کے نقصان پر 26ویں اوور میں حاصل کرلیا، سری لنکن ٹیم نے ہدف کے تعاقب میں اننگز کا آغاز اچھے انداز میں نہیں کیا اور 23 کے مجموعی سکور پر دو وکٹیں گنوا دیں، کوسل پریرا 4 اور کپتان کوسل مینڈس 11 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے،
اس کے بعد اوپنر پاتھم نسانکا اور مڈل آرڈر بلے باز سدیرا سمارا وکرما نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے نہ صرف اپنی ٹیم کو مشکل صورتحال سے نکالا بلکہ اسے فتح سے ہمکنار کرادیا، پاتھم نسانکا نے 83 بالوں پر 77 اور سدیرا سماراوکرما نے 54 بالوں پر 65 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ انگلینڈ کی طرف سے ڈیوڈ ویلی نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ اس فتح کے بعد سری لنکن ٹیم ورلڈ کپ پوائنٹس ٹیبل پر پاکستان کو پیچھے چھوڑ کر پانچویں نمبر پر آگئی ہے جبکہ انگلش ٹیم 9ویں نمبر پر چلی گئی ہے۔