کولکتہ۔16نومبر (اے پی پی):آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں جنوبی افریقہ نے آسٹریلیا کو جیت کیلئے 213 رنز کا ہدف دے دیا، ڈیوڈ ملر نے شاندار سنچری سکور کی، پیٹ کمنز اور مچل سٹارک نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔ جمعرات کو ایڈن گارڈنز کولکتہ میں کھیلے جارہے ورلڈکپ کے دوسرے سیمی فائنل میں جنوبی افریقہ کے کپتان ٹیمبا باووما نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا جو درست ثابت نہ ہوا ،
آسٹریلوی بائولرز کی زبردست کارکردگی کی بدولت پروٹیز ٹیم 50 ویں اوور میں 212 رنز پر آئوٹ ہوگئی، جنوبی افریقہ نے اننگز کا آغاز کیا تو اسے ابتدا میں ہی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جب پہلے ہی اوور میں کپتان باووما بغیر کوئی رن بنائے آئوٹ ہوگئے جبکہ 24 کے مجموعی سکور پر جنوبی افریقہ کی 4 اہم وکٹیں گر چکی تھیں،
کوئنٹن ڈی کوک 3، ایڈن مارکرم 10 اور راسی وان ڈر داسن6 رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔ اس موقع پر پانچویں وکٹ کی شراکت میں ڈیوڈ ملر اور ہینرک کلاسین نے 95 رنز بنا کر مجموعی سکور کو 119 تک پہنچا دیا، جنوبی افریقہ کے پانچویں آئوٹ ہونے والے کھلاڑی کلاسین 47 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد پویلین لوٹ گئے،
آسٹریلوی بائولر ٹریوس ہیڈ کی اگلی ہی بال پر مارکو جانسن بھی بغیر کوئی رن بنائے چلتے بنے۔ ڈیوڈ ملر نے ایک اینڈ پر رنز بنانے کا سلسلہ جاری رکھا اور اپنے ون ڈے کیریئر کی چھٹی سنچری سکور کی، وہ 5 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے 101 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، گیرالڈ کوٹزے 19 اور کیشو مہاراج 4 رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔
آسٹریلیا کی طرف سے مچل سٹارک اور پیٹ کمنز نے تین تین ، جوش ہیزل ووڈ اور ٹریوس ہیڈ نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ اس طرح جنوبی افریقہ نے آسٹریلیا کو جیت کے لئے 213 رنز کا ہدف دیا ہے۔