ورلڈ کپ سیمی فائنل میں پہنچنے کیلئے ہر ممکن کوشش کریں گے ، بابراعظم

Babar Azam
Babar Azam

ایڈن گارڈنز۔10نومبر (اے پی پی):پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہا ہے کہ انگلینڈ کے خلاف میچ میں نیٹ رن ریٹ کے حوالے سے پلان ہمارے ذہن میں ہے، ہم ایسا کر سکتے ہیں، ورلڈ کپ سیمی فائنل میں پہنچنے کیلئے ہر ممکن کوشش کریں گے ۔ جمعہ کے روز ایڈن گارڈنز میں پریس کانفرنس کے دوران بابراعظم نے کہا کہ اب بھی یقین ہے کہ بھارت کے خلاف سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ انگلینڈ کے خلاف بڑے مارجن سے فتح کیلئے اپنے منصوبوں کو عملی جامہ پہنانے کی کوشش کریں گے، اگر فخر زمان20 یا30 اوور کھیل گئے تو ہم مطلوبہ نیٹ رن ریٹ کو حاصل کر سکتے ہیں، فخر زمان کے بعد محمد رضوان اور افتخار احمد بھی جارحانہ کھیلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، ہم گرائونڈ میں جاکر آنکھیں بند کر کے اندھا دھند بیٹنگ شروع نہیں کر سکتے لیکن مناسب منصوبہ بندی کے ساتھ ہدف کیلئے جائیں گے۔

بابراعظم نے کہا کہ ہم ورلڈ کپ میں بطور ٹیم اچھا نہیں کھیل پائے، ہمیں افغانستان اور جنوبی افریقہ کے خلاف میچوں میں فتح حاصل کرنی چاہیے تھی، جنوبی افریقہ کے خلاف پاکستان کو ایک وکٹ سے شکست ہوئی جس کا ہمیں بھاری نقصان اٹھانا پڑا، ہماری کوشش ہوگی کہ ورلڈ کپ کا اختتام اچھی کارکردگی کے ساتھ کریں۔

انہوں نے کہا کہ امید تو ہر موقع پر مثبت رکھنی چاہیے، کوشش کریں گے کہ غلطیوں سے سیکھیں، اس لیول پر غلطی کی گنجائش بہت کم ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم پہلی بار بھارت میں کھیل رہے ہیں، ہمیں کنڈیشنز کا اندازہ نہیں تھا اور ہم توقعات کے مطابق پرفارم نہیں کر سکے۔