اسلام آباد۔23ستمبر (اے پی پی):ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن نے فلڈ ایمرجنسی رسپانس میں ایک کمیونیکیشن آفیسر اوردو ڈیزیز سرویلنس افسران کی خدمات محکمہ صحت کے سپرد کی ہیں، اس کے علاوہ عالمی ادارہ صحت اب تک پانی صاف کرنے والی گولیوں سمیت ایمرجنسی ادویات کی بڑی کھیپ محکمہ صحت کے حوالے کرچکی ہے۔عالمی ادارہ صحت کے نمائندہ ڈاکٹر پالیتھا ماہی پالا متاثرین سیلاب کی مدد کے لیے ڈی آئی خان پہنچ گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق عالمی ادارہ صحت ڈی آئی خان کے 22 جزوی یا مکمل طور پر تباہ مراکز صحت کی بحالی کے لیے کوشاں ہیں اور مشکل کی گھڑی میں عالمی ادارہ صحت سمیت تمام یو این مشنز پاکستان کے ساتھ کھڑی ہیں۔وزارت صحت کے حکام نے بتایا کہ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن نے سیلاب سے متاثرہ 13 اضلاع میں ریپڈ اسسمنٹ مکمل کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر پالیتھا ماہی پالا نے سیلاب سے متعلق ریسپانس میں معاونت کے لیے ایمرجنسی آپریشن سینٹر کا افتتاح بھی کیا ہے۔ انھوں نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں طبی امداد کے لئے دوائیوں کی بڑی کھیپ محکمہ صحت کے حوالے کی ہے۔ڈاکٹر پالیتھا ماہی پالا نے عالمی ادارہ صحت ٹیم کے ہمراہ سیلاب سے متاثرہ اضلاع ڈی آئی خان اور ٹانک کا دورہ بھی کیا۔
انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر پلیتھا ماہی پالا نے متاثرہ علاقوں کے مراکز صحت میں ادویات کی بڑی کھیپ اور آگاہی آمیز اشاعتی سامان حکام کے حوالے کیا ہے۔ڈی آئی خان میں سیلاب کی تباہی اور محکمہ صحت کی کارکردگی اور ضروریات بارے عالمی ادارہ صحت کی ٹیم کو بریفنگ دی۔
ڈبلیو ایچ او کے مطابق ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن نے فلڈ ایمرجنسی ریسپانس میں ایک کمیونیکیشن آفیسر اوردو ڈیزیز سرویلنس افسران کی خدمات محکمہ صحت کے سپرد کی ہیں اس کے علاوہ عالمی ادارہ صحت اب تک پانی صاف کرنے والی گولیوں سمیت ایمرجنسی ادویات کی بڑی کھیپ محکمہ صحت کے حوالے کرچکی ہے۔