وزارت اطلاعات اور پاک چائنہ انسٹیٹیوٹ کے اشتراک سے سی پیک منصوبوں پر ملک گیر فوٹو گرافی مقابلہ کا آغاز ،سیکرٹری اطلاعات کی زیر صدارت جائزہ اجلاس

وزارت اطلاعات اور پاک چائنہ انسٹیٹیوٹ کے اشتراک سے سی پیک منصوبوں پر ملک گیر فوٹو گرافی مقابلہ کا آغاز ،سیکرٹری اطلاعات کی زیر صدارت جائزہ اجلاس
وزارت اطلاعات اور پاک چائنہ انسٹیٹیوٹ کے اشتراک سے سی پیک منصوبوں پر ملک گیر فوٹو گرافی مقابلہ کا آغاز ،سیکرٹری اطلاعات کی زیر صدارت جائزہ اجلاس

اسلام آباد۔25ستمبر (اے پی پی): وزارت اطلاعات و نشریات نے پاکستان چائنہ انسٹیٹیوٹ (پی سی آئی) کے اشتراک سے ملک گیر فوٹو گرافی مقابلے کا آغاز کیا ہے جس میں چین کے بیلٹ اینڈ روڈ انی شی ایٹو (بی آر آئی) کے تحت چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) منصوبے پر ہونے والی پیشرفت کو اجاگر کیا جائے گا۔ اس ضمن میں وفاقی سیکریٹری اطلاعات و نشریات ظہور احمد کی زیر صدارت پیر کو ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں ”ملک گیر بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو پراجیکٹس فوٹو گرافی مقابلہ“ کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں پاکستان چائنا انسٹیٹیوٹ کے سربراہ مصطفیٰ سید کے علاوہ ایگزیکٹو ڈائریکٹر جنرل / پرنسپل انفارمیشن آفیسر (پی آئی او) محمد عاصم کھچی، ڈائریکٹر جنرل ایکسٹرنل پبلسٹی ونگ محترمہ عنبرین جان، ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل پی آئی ڈی رئیسہ عادل اور وزارت اطلاعات او ر اس سے ملحقہ محکموں کے سینئر افسران نے شرکت شرکت کی۔

سیکریٹری اطلاعات و نشریات ظہور احمد نے فوٹو گرافی مقابلہ شروع کرنے اور تجویز کرنے پر پاکستان چائنہ انسٹیٹیوٹ کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ سی پیک اور بی آر آئی منصوبوں کو اجاگر کرنے کے علاوہ یہ مقابلہ پاکستان اور چین کے درمیان قریبی اور گہرے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں بھی مددگار ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سی پیک اور بامقصد چین پاکستان شراکت داری کی قدر کرتا ہے جس کے تحت سڑکوں کے بنیادی ڈھانچے، ریلوے اور توانائی سمیت متعدد اہم منصوبے باہمی فائدے کے لئے مکمل کئے گئے۔

سیکریٹری اطلاعات نے پاکستان چائنا انسٹیٹیوٹ کو ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا اور وزارت کے متعلقہ محکموں بشمول پی ٹی وی، ریڈیو پاکستان، اے پی پی، پی آئی ڈی، ای پی ونگ، آئی پی ونگ، ڈائریکٹوریٹ آف الیکٹرانک میڈیا پبلی کیشنز اور دیگر کو ہدایت کی کہ وہ اپنے ملٹی میڈیا پلیٹ فارمز پر اس تصویری مقابلے کو کامیاب بنانے کے لئے ہر ممکن تعاون کریں۔ پاکستان چائنہ انسٹیٹیوٹ کے سربراہ مصطفیٰ سید نے اجلاس کو ملک گیر تصویری مقابلے کے اغراض و مقاصد، طریقہ کار اور ٹائم لائن سے آگاہ کیا۔

ٹائم لائن کے مطابق ”انفراسٹرکچر اینڈ ڈویلپمنٹ، پیپلز اینڈ سٹوریز اور انوائرمنٹل امپیکٹ“ کی کیٹیگریز میں پاکستان میں سی پیک اور بی آر آئی منصوبوں سے متعلق تصاویر 7 اکتوبر تک جمع کرائی جا سکتی ہیں جبکہ 8 اکتوبر سے 9 اکتوبر تک معروف فوٹو گرافروں، فنکاروں اور متعلقہ سرکاری اداروں پر مشتمل پینل کی جانب سے حتمی فیصلے کے بعد مقابلے کے فاتحین کا اعلان 10 اکتوبر کو کیا جائے گا۔

وزارت اطلاعات و نشریات اور پاکستان چائنا انسٹیٹیوٹ کے اشتراک سے انعامات تقسیم کرنے کی تقریب اور نمائش 12 اکتوبر 2023ءکو منعقد ہوگی جس میں ممتاز شخصیات، حکام اور میڈیا سے تعلق رکھنے والے افراد شرکت کریں گے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ پاکستان چائنا انسٹی ٹیوٹ ایک غیر سرکاری، غیر جانبدار اور غیر سیاسی تھنک ٹینک ہے جو پاکستان اور چین کے عوام کے درمیان تعلقات کو فروغ دینے کے لئے کوشاں ہے۔ پاکستان چائنا انسٹیٹیوٹ ایوارڈز جیتنے والے افراد کے لئے چین کے دورہ کا بھی اہتمام کرے گا۔