اسلام آباد۔26نومبر (اے پی پی):وزارت انسانی حقوق نے یو این وومن کی مشارت اور مدد سے تیار کی جانے والی ہیلپ لائن 1099 ایپلی کیشن جاری کر دی ہے۔ وزارت انسانی حقوق کے مطابق وزارت نے قبل ازیں ہیلپ لائن کا اجراء 2018ء میں کیا تھا جس کے بعد اب تک اس پر چار لاکھ 50 ہزار سے زائد کالز موصول ہو چکی ہیں۔ موصول ہونے والی کالز میں 49 فیصد کالز خواتین کے حقوق سے متعلق تھیں۔ ہیلپ لائن 1099 ایپلی کیشن کے اجراء سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے متعلق شکایات کی رپورٹنگ اور ان کا ازالہ کرنے کا ایک متبادل اور موثر طریقہ کار فراہم کیا گیا ہے۔ یہ ایپلی کیشن گوگل پلے اسٹور پر دستیاب ہے تاہم آئی فون صارفین کے لئے یہ ایپلی کیشن دسمبر کے پہلے ہفتہ میں ڈائون لوڈ کے لئے دستیاب ہوگی۔ وزارت انسانی حقوق نے خواتین پر تشدد کے خلاف عالمی دن کے موقع پر خواتین کے بنیادی حقوق کے بارے میں 16 روزہ مہم کا بھی آغاز کیا گیا ہے۔ اس مہم کے دوران جنسی ہراسگی، زیادتی ، نکاح نامہ ، ایف آئی آر کے اندراج اور خواتین کی وراثت سمیت اہم ترین موضوعات پر مبنی معلوماتی وڈیوز اور دستاویزی فلموں سے مدد لی جائے گی ۔ یہ وڈیوز اور فلمیں خواتین کی حیثیت پر قائم قومی کمیشن (این سی ایس ڈبلیو) اور شرمین عبید چنائے (ایس او سی) فلموں کے اشتراک سے تیار کی گئی ہیں۔ ان وڈیوز اور فلموں کو اردو ، سندھی ، پشتو ، پنجابی اور بلوچی زبانوں میں تیار کیا گیا ہے۔یہ بصری مواد 25 نومبر سے 10 دسمبر تک سوشل میڈیا پر براہ راست واچ پارٹیوں کے ذریعے بڑے پیمانے پر نشر اور ٹیلی کاسٹ کیا جائے گا ۔ ان فلموں کی نمائش پاکستان بھر میں متعدد یونیورسٹیوں اور کالجوں کے ساتھ ساتھ سول سوسائٹی پلیٹ فارمز پر بھی کی جائے گی۔ جبکہ عوامی سطح پر ان موضوعات کے بارے میں زیادہ سے زیادہ شعور اجاگر اور آگاہی پیدا کرنے کیلئے معروف وکلاء اور انسانی حقوق کے ماہرین کے ساتھ ریڈیو شوز کا بھی انعقاد بھی ہوگا۔