وزارت خارجہ میں سفارتی مشنز کے لیے چین پاکستان اقتصادی راہداری پر بریفنگ کا اہتمام

94
Foreign Office
Foreign Office

اسلام آباد۔16ستمبر (اے پی پی):وزارت خارجہ نے مشرقی اور وسطی ایشیا اور مشرق وسطیٰ کے متعدد ممالک کے اسلام آباد میں سفارتی مشنز کے لیے چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) پر بریفنگ کا اہتمام کیا۔

دفتر خارجہ کی جانب سے جمعہ کو جاری بیان کے مطابق وزارت خارجہ کی ایڈیشنل سیکرٹری (ایشیا پیسیفک) کی زیر صدارت بریفنگ کے دو دور 15 اور 16 ستمبر کو ہوئے، بریفنگ دینے والے پینل میں منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات کی وزارت اور سرمایہ کاری بورڈ کے سینئر حکام بھی شامل تھے۔

وزارت خارجہ کی ایڈیشنل سیکرٹری نے اپنی بریفنگ میں شرکاءکو چین پاکستان اقتصادی راہداری کے بنیادی ویژن کے بارے میں بتایا جو پاکستان کی رابطے کی خواہش اور وسطی ایشیا، مشرق وسطیٰ اور مشرقی ایشیائی خطے کے ساتھ روابط کو بڑھانے میں دلچسپی پر مبنی ہے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سی پیک نے پاک چین اسٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ میں ایک نئی جہت کا اضافہ کیا ہے جو باہمی افہام و تفہیم اور احترام پر مبنی ہے۔ پاکستان سرمایہ کاری اور تجارتی روابط کو مضبوط بنانے اور خصوصی اقتصادی زونز میں مواقع پر غور کرنے کے لیے دنیا بھر کے ترقیاتی شراکت داروں اور کاروباری اداروں کا خیرمقدم کرتا ہے۔

سفارتی مشنز کے نمائندوں نے وزارت خارجہ اور متعلقہ سرکاری محکموں کا بریفنگ پر شکریہ ادا کرتے ہوئے اقتصادی تعاون کو بڑھانے میں باہمی دلچسپی بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔