وزارت خارجہ کے ترجمان کی کراچی میں دہشت گردانہ حملہ کی شدید مذمت،قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار

62

اسلام آباد۔26اپریل (اے پی پی):وزارت خارجہ کے ترجمان نے کراچی میں دہشت گردانہ حملہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ دفترخارجہ کے ترجمان نے منگل کو یہاں ایک بیان میں کہا کہ ہم کراچی میں ہونے والے قابل مذمت دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں جس میں کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ میں کام کرنے والے چینی شہریوں سمیت معصوم جانوں کا نقصان ہوا ہے، پاکستان کی حکومت اور عوام اس واقعے میں اپنی جانوں سے ہاتھ دھونے والے متاثرین کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں تاکہ ملزمان کی گرفتاری اور انہیں انصاف کے کٹہرے میں لایا جاسکے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ مقامی حکام زخمیوں کو ہر ممکن مدد فراہم کر رہے ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ یہ بزدلانہ واقعہ پاک چین دوستی اور جاری تعاون پر براہ راست حملہ ہے، پاکستان اور چین قریبی دوست اور آہنی بھائی ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان ملک میں چینی شہریوں، منصوبوں اور اداروں کی حفاظت کو بہت اہمیت دیتا ہے۔