وزیراعطم شہباز شریف کے حالیہ دورے پاکستان کے وقار میں اضافے کا باعث بنے، وزیراعظم کی قیادت اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی حکمت عملی کے تحت پاکستان کو عظیم کامیابیاں حاصل ہوئیں، عطاء اللہ تارڑ

92
وزیراعطم شہباز شریف کے حالیہ دورے پاکستان کے وقار میں اضافے کا باعث بنے، وزیراعظم کی قیادت اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی حکمت عملی کے تحت پاکستان کو عظیم کامیابیاں حاصل ہوئیں، عطاء اللہ تارڑ

اسلام آباد۔8جون (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی حکمت عملی کے تحت پاکستان کو عظیم کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں، پاکستان نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا، اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو دنیا بھر میں عزت دی، وزیراعظم شہباز شریف کے حالیہ دورہ سعودی عرب سمیت ترکیہ، ایران، آذربائیجان اور تاجکستان کے دورے عالمی سطح پر پاکستان کے وقار میں اضافے کا باعث بنے۔

اتوار کو خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم کا حالیہ دورہ سعودی عرب نہایت کامیاب رہا جہاں انہوں نے عمرہ کی سعادت حاصل کی، اس موقع پر خانہ کعبہ کا دروازہ خصوصی طور پر کھولا گیا۔ بعد ازاں سعودی ولی عہد خود وزیراعظم کی گاڑی ڈرائیو کر کے شاہی ظہرانے میں لے کر گئے جس میں مشرق وسطیٰ کے شاہی خاندانوں کے نمائندگان، سعودی کابینہ کے تمام وزراء اور سول و عسکری قیادت شریک تھی۔ انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان کے وقار اور عزت کا بین ثبوت ہے۔ عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ وزیراعظم نے اس سے قبل ترکیہ، آذربائیجان، ایران اور تاجکستان کے کامیاب دورے کئے جن میں پاکستان کو بے حد پذیرائی ملی۔ وزیراعظم نے عید کے پرمسرت موقع پر مختلف دوست ممالک کے سربراہان سے ٹیلیفون پر بات کی۔

وزیراعظم نے صوبوں کے گورنرز، وزراء اعلیٰ، سیاسی قائدین بشمول مولانا فضل الرحمان، چوہدری سالک حسین، آفتاب شیرپائو، ایمل ولی، خالد مقبول صدیقی و دیگر کو عید کی مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی ترکیہ کے صدر، عمان کے سلطان، امیر قطر، ایرانی صدر، آذربائیجان اور ازبکستان کے صدور سے ٹیلیفونک گفتگو ہوئی جس میں باہمی تعلقات، سفارتی تعاون اور عید کی مبارکباد کا تبادلہ ہوا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی موثر انداز میں آگے بڑھ رہی ہے اور سفارتی سطح پر کئی ممالک نے پاکستان کی بھرپور حمایت کی۔ عطاء اللہ تارڑ نے مزید کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان کو عسکری برتری حاصل ہوئی جسے پوری دنیا نے تسلیم کیا اور اس کے سفارتی سطح پر مثبت ثمرات آنا شروع ہو گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار مختلف ممالک کے دورے کر رہے ہیں، یہ سب وزیراعظم کی قیادت میں ایک اجتماعی ٹیم ورک کا نتیجہ ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ پاکستان معاشی استحکام پر فوکس کرے اور ترقی کی جانب گامزن ہو۔ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو عسکری اور سفارتی میدان میں فتح دی ہے کیونکہ ہم حق و سوچ پر تھے اور دنیا نے ہمارے موقف کو سنا اور تسلیم کیا۔