وزیراعظم، کابینہ اور اتحادی جماعتوں کی ترجیح عوام کو ریلیف کی فراہمی ہے، اس شخص کا نام اس مقدس زمین پر نہیں لینا چاہتی جس نے معاشرے میں تباہی پھیلائی، وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کی میڈیا سے گفتگو

70

مدینہ منورہ ۔28اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف، وفاقی کابینہ اور اتحادی جماعتوں کی ترجیح عوام کو ریلیف کی فراہمی ہے، عوام کو روزگار بھی ملے گا، معیشت بھی ٹھیک ہوگی، اس شخص کا نام اس مقدس زمین پر نہیں لینا چاہتی جس نے معاشرے میں تباہی پھیلائی، معاشرے میں ایسا طبقہ بھی موجود ہے جو اپنے کلچر اور روایات کی اہمیت کو جانتا ہے۔

جمعرات کو یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف، وفاقی کابینہ اور اتحادی جماعتیں عوام کو ریلیف دینا چاہتی ہیں، انشاء اللہ عوام کو روزگار بھی ملے گا اور معیشت بھی بہتر ہوگی۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ میں اس شخص کا نام اس پاک زمین پر نہیں لینا چاہتی، اس مقدس زمین کو سیاست کے لئے استعمال نہیں کرنا چاہتی لیکن اس شخص نے معاشرے میں جو تباہی کی ہے وہ سب کے سامنے ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ رویئے ہمارے مثبت رویوں سے تبدیل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے میں ایسا طبقہ بھی موجود ہے جو اپنے کلچر اور روایات کی اہمیت کو جانتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے کارکن بھی یہاں آئے تھے، ان میں بھی جذبہ موجود ہے لیکن انہیں ہدایت کی گئی تھی کہ مسجد نبوی یا مکہ مکرمہ کے احاطے میں غیر مناسب رویہ نہ اپنایا جائے، یہی ان میں اور ہم میں فرق ہے۔