اسلام آباد ۔ 28 ستمبر (اے پی پی) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے جمعرات کو یہاں وزیراعظم آفس میں گیس سیکٹر لیڈرشپ کمیٹی کے پانچویں اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں وزیر اعلیٰ سندھ سیدمراد علی شاہ، وزیر اعلیٰ بلوچستان ثناءاللہ خان زہری، وزیر مملکت برائے توانائی جام کمال خان، خیبرپختونخوا کے وزیر توانائی عاطف خان، پنجاب کی وزیر خزانہ ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا، چیئرپرسن اوگرا عظمیٰ عادل خان اور دیگر سینئر حکام شریک ہوئے۔ اس کے علاوہ عالمی بینک پاکستان مشن لیڈر مس ڈیفنی جینسر نے بھی عالمی بینک کے سینئر حکام کے ہمراہ اجلاس میں شرکت کی۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے ملک کی توانائی ضروریات اور توانائی کے لئے صارفین کی طلب کو پورا کرنے اور اس سلسلے میں کی جانے والی اصلاحات کی حکمت عملی کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ گیس کی دستیابی، افورڈایبلٹی، ایفی شینسی اور سسٹین ایبلٹی گیس کے شعبے میں اصلاحات کے عمل کے حوالے سے اہمیت کے حامل ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ رواں سال کے دوران 100 کے قریب گیس کی دریافتیں ہوئی ہیں لیکن گیس کی طلب کو پورا کرنے کے لئے یہ کافی نہیں ہیں اس لئے گیس کی مقامی پیداوار میں اضافے کے علاوہ گیس کی درآمد کی ضرورت ہے۔ وزیراعظم نے اصلاحات کے عمل پر بات کرتے ہوئے کہا کہ نئی پالیسی ریگولیشنز اور ٹیکنیکل فریم ورک آئین کے مطابق وضع کئے جائیں گے۔ وزیراعظم نے اجلاس میں یقین دلایا کہ گیس کے شعبے سے متعلق تمام آئینی معاملات مشترکہ مفادات کونسل کی سطح پر حل کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئینی معاملات مناسب سطح پر حل کئے جا رہے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ آپریشنل اور ٹیکٹیکل اصلاحات کا عمل جاری رہے گا۔