
سلام آباد ۔ 5 مارچ (اے پی پی) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے پاور ڈویژن کو ہدایت کی ہے کہ کابینہ کو اس کے آئندہ اجلاس میں بجلی کی موجودہ اور متوقع صورتحال کے بارے میں آگاہ کرے۔ انہوں نے یہ ہدایت پیر کو بجلی کی صورتحال اور خالص ہائیڈل منافع جات سے متعلق امور کے بارے میں وزیراعظم آفس میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دی۔ اجلاس میں وزیر بجلی سردار اویس احمد خان لغاری، مشیر خزانہ مفتاح اسماعیل، وزیراعظم کے معاون خصوصی بیرسٹر ظفر اﷲ خان، متعلقہ ریجنوں کے وفاقی سیکریٹریوں اور سینئر حکام نے شرکت کی۔ چیئرمین واپڈا لیفٹننٹ جنرل (ر) مزمل حسین نے وزیراعظم کو ہائیڈل منافع جات، کلیمز پر پنجاب اور خیبر پختونخوا کو اب تک کی جانے والی ادائیگیوں کے حوالے سے تازہ ترین صورتحال کے بارے میں آگاہ کیا۔