منسک۔12اپریل (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بیلاروس کے دارالحکومت منسک کے قریب مائننگ ڈمپ ٹرکوں، تعمیراتی و کان کنی کی ہیوی مشینری اور گاڑیاں تیار کرنے والی فیکٹری ” بیلاز” کا دورہ کیا ۔انہوں نے تعمیر و ترقی میں معاون عالمی فیکٹری کی مصنوعات میں گہری دلچسپی لیتے ہو ئے دورہ کو نہایت متاثر کن اور فیکٹری کو ایک عظیم منصوبہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اعلیٰ معیار کی ہیوی مشینری اور مصنوعات درکار ہیں ۔
انہوں نے بیلاروس کے وزیراعظم کو دورہ پاکستان کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ مل بیٹھ کر مشرکہ منصوبوں اور فیکٹری کی مصنوعات اور سازوسامان پر بات چیت کریں گے۔قبل ازیں بیلا روس کے وزیر اعظم الیگزینڈر تورچن نے بیلاز آمد پر وزیراعظم پاکستان کا استقبال کیا۔ وزیراعظم کو فیکٹری کا تفصیلی دورہ کرایا گیا اور بریفنگ دی گئی ۔بریفنگ کے دوران وزیراعظم کو بتایاگیا کہ یہ فیکٹری 1948 میں قائم کی گئی اور یہاں کان کنی میں استعمال ہونے والے آلات تیار کئے جا رہے ہیں جبکہ 1951 میں یہاں پر گاڑیوں کا دیگر سامان تیار کرنے کا آغاز کیا گیا ۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف کو بیلاز فیکٹری کی ورکنگ اور مصنوعات کی تیاری کے حوالے سے بریفنگ میں بتایاگیا کہ 1958 میں 25 ٹن کی استعداد کے حامل ٹرکوں کی پیداوار کا آغاز ہوا جبکہ 1961 میں زیادہ وزن اٹھانے والے ڈمپ ٹرکس کی پیداوار شروع کی گئی۔
وزیراعظم نے فیکٹری میں تیار کی جانے والی ہیوی مشینری اور دیگر سازوسامان اور آلات میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اوراس حوالے سے مختلف سوالات بھی کئے۔ ۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ 1961 سے بیلاز میں ٹرک بھی تیار کئے جا رہے ہیں جن میں الیکٹرک ٹرک اور ہائی برڈ ڈمپ ٹرک بھی شامل ہیں۔ الیکٹرک ڈمپ اور بیٹری سے چلنے والے ٹرک 490 ٹن تک وزن اٹھانے کی صلاحیت کے حامل ہیں۔ ہیوی ڈمپ ٹرکس تیار کرنے والے یونٹ میں وزیراعظم کو کانکنی اور کوئری مشینری و ٹرکس کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کوئری مشینری میں گہری دلچسپی کا مظاہرہ کیا اور گاڑیوں کی تیاری میں استعمال ہونے والے آلات کے بارے میں بھی استفسار کیا جس پر انہیں بتایا گیا کہ ہیوی گاڑیوں کی تیاری میں استعمال ہونے والے پرزہ جات مقامی طور پر تیار کئے جاتے ہیں تاہم بعض انجن درآمد کئے جاتے ہیں جبکہ ٹائر بھی بیلا روس میں ہی تیار ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کانکنی اور کوئری میں استعمال ہونے والی مشینری اور بڑےٹرکس سے پیداواری فوائد حاصل کرسکتا ہے۔ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ فیکٹری میں تیار کی جانے والی مصنوعات اور مشینری پاکستان کو بھی فراہم کی جاتی ہے جبکہ بیلاز فیکٹری کی تیار کردہ مشینری اور دیگر مصنوعات گزشتہ سال 22 مختلف ممالک کو برآمد کی گئیں۔ وزیراعظم کے سوال پر بتایا گیا کہ کان کنی اور کوئری میں استعمال ہونے والے ہیوی ڈمپ ٹرکس فیکٹری میں تیار کئے جا رہے ہیں ۔وزیراعظم محمد شہبازشریف نے الیکٹرک بس میں سوار ہو کر فیکٹری کے مختلف حصوں کا دورہ کیا۔ بریفنگ کے دوران وزیراعظم نے فیکٹری کے مختلف شعبوں کے دورہ کے موقع پر انجینئرز سے روسی زبان میں سوالات اور گفتگو بھی کی ۔
دورہ بیلاز کے اختتام پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ بیلاز میں تیار کی جانے والی مشینری و آلات پاکستان میں بھی پیدواری مقاصد کے لئے استعمال کئے جاسکتے ہیں۔ انہوں نے بیلا روس کے وزیراعظم کو دعوت دی کہ اس حوالے سے اعلیٰ سطح کا وفد پاکستان کا دورہ کریں تاکہ اس حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں فیکٹری مصنوعات پر تفصیلی گفتگو کی ضرورت ہے تاکہ باہمی تعاون بشمول جوائنٹ وینچرز پر لائحہ عمل تیار کیا جاسکے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں اعلیٰ معیار کی مصنوعات درکار ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ میرا دورہ انتہائی کامیاب رہا ہے بیلاز فیکٹری کے دورہ کے بغیر میرا دورہ بیلاروس نامکمل ہوتا ۔انہوں نے مہمان نوازی پر بیلا روس کے صدر سے اظہار تشکر بھی کیا اور کہا کہ اپنے آئندہ دورہ کے موقع پر میں بیلاز پلانٹ کا تفصیلی دورہ کرنا چاہوں گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان میں بھی اس طرح کا پلانٹ لگانے کے خواہاں ہوں گے ۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بیلا روس کے وزیراعظم الیگزینڈر تورچن کو باقاعدہ دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی جس پر بیلا روس کے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کا دورہ کرنا میرے لئے باعث اعزاز ہوگا اور پاکستان کا دورہ کرکے مجھے خوشی ہوگی۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستانی حکام کو ہدایت کی کہ اس دورہ کے دوران جو معاملات طے کئے گئے ہیں ان پر عملدرآمد ہونا چاہئے۔ بیلاز کے دورہ کے موقع پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور وفاقی وزرا عطا اللہ تارڑ ، جام کمال خان اور عبدالعلیم بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=580932