اسلام آباد۔27دسمبر (اے پی پی):وزیراعظم شہبازشریف نے ساہیوال سے مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی محمد اشرف کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ گرفتاری سیاسی انتقام ہے، اینٹی کرپشن پنجاب کو سیاسی مخالفین کے خلاف استعمال کرنا انتہائی افسوسناک ہے۔
منگل کو وزیراعظم آفس کے پریس ونگ سے جاری بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ عمران خان کے کہنے پر اینٹی کرپشن پنجاب کو سیاسی انتقام کے لئے استعمال کیاجارہا ہے، پی ٹی آئی آج بھی بد ترین سیاسی انتقام کی اپنی منفی روش پر کاربند ہے، چار سال آپ یہ سب کرکے دیکھ چکے ہیں، سیاسی انتقام کا ملک اور عوام کو ناقابل تلافی نقصان ہوا۔
انہوں نے کہا کہ نیب، ایف آئی اے کی طرح اب اینٹی کرپشن پنجاب کو سیاسی مخالفین کے خلاف استعمال کرنا انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہے، سیاسی انتقام سے مخالفین کو دھمکانے کے بجائے عوامی مسائل پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ وزیراعظم نے گرفتار رکن قومی اسمبلی محمد اشرف سے یکجہتی کا اظہار کیا ۔