وزیراعظم شہباز شریف کا حکومت اورعوام کی طرف سے فلسطینی عوام کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ

177

اسلام آباد۔29نومبر (اے پی پی): وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان کی حکومت اورعوام کی طرف سے فلسطینی عوام کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ فلسطین کا دیرینہ حل طلب تنازع نہ صرف اخلاقی لحاظ سے دنیا کے لئے ایک سوالیہ نشان ہے بلکہ عالمی امن پربھی اس کے اثرات مرتب ہو تے ہیں۔

منگل کوفلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کے بین الاقوامی دن کے موقع پر اپنے ٹویٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ یہ دن اسرائیل کے زیرتسلط زندگی گزارنے والے فلسطینی عوام کو درپیش شدید مشکلات اور تکالیف کو اجاگر کرتا ہے۔ اسرائیل کو ظلم و ستم اور جابرانہ اقدامات ، جن کی حالیہ تاریخ میں کوئی مثال نہیں ملتی ،پر سزا سے استثنا ملا ہوا ہے۔

وزیراعظم نے کہاکہ فلسطین کا دیرینہ حل طلب مسئلہ نہ صرف دنیا کے لئے اخلاقی لحاظ سے ایک سوالیہ نشان ہے بلکہ عالمی امن پر بھی اس کے اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق دو ریاستی حل کی حمایت کرتا ہے۔