
ابوظہبی۔28جولائی (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے جمعہ کو متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان سے ان کے بھائی شیخ سعید بن زید النہیان کے انتقال پر تعزیت کے لئے یو اے ای کا مختصر دورہ کیا، وفاقی وزیر خزانہ محمد اسحاق ڈار، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی اور متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔
وزیراعظم نے متحدہ عرب امارات کے صدر کے ساتھ ان کے بھائی کے انتقال پر پاکستان کی قیادت، حکومت اور عوام کی طرف سے گہری ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا، شیخ محمد بن زید النہیان نے وزیر اعظم کا پرتپاک استقبال کیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات قریبی برادرانہ تعلقات میں بندھے ہوئے ہیں۔ شیخ سعید بن زید النہیان پاکستان کے مخلص دوست تھے۔ ان کی گراں قدر خدمات کو پاکستان کی حکومت اور عوام دیر تک یاد رکھیں گے۔
بعد ازاں ایک ٹویٹ میں وزیر اعظم نے کہاکہ مرحوم پاکستان کے عظیم دوست تھے۔ ان کا انتقال یقینا النہیان خاندان کے لیے ایک بڑا صدمہ ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ میں نے اپنے بھائی شیخ محمد بن زاید النہیان سے ملاقات میں ابوظہبی کے فرمانروا کے نمائندے اور عزت مآب کے بھائی شیخ سعید بن زاید النہیان کے انتقال پر ان سے دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے، مرحوم پاکستان کے عظیم دوست تھے۔
ان کا انتقال یقینا النہیان خاندان کے لیے ایک بڑا نقصان ہے، ہم پاکستان میں اپنے اماراتی بھائیوں اور بہنوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور مرحوم کی روح کے ابدی سکون کے لیے دعاگو ہیں۔