وزیراعظم عمران خان سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی ملاقات، نئے ڈی جی آئی ایس آئی کیلئے لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم کے نام کی منظوری، 20 نومبر کو اپنے عہدے کا چارج سنبھالیں گے

100

اسلام آباد۔26اکتوبر (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان سے چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے منگل کو ملاقات کی اور تفصیلی مشاورتی عمل کے بعد نئے ڈی جی آئی ایس آئی کیلئے لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم کے نام کی منظوری دی گئی جو 20 نومبر 2021ء کو اپنے عہدے کا چارج سنبھالیں گے۔

وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق یہ ملاقات آئی ایس آئی میں کمان کی تبدیلی کے وقت اور نئے ڈائریکٹر جنرل آئی ایس آئی کے انتخاب سے متعلق وزیراعظم اور چیف آف آرمی سٹاف کے درمیان جاری مشاورتی عمل کا حصہ تھی۔ اس عمل کے دوران وزارت دفاع سے افسران کی ایک فہرست موصول ہوئی۔

وزیراعظم نے تمام نامزد افسران کا انٹرویو کیا۔ وزیراعظم اور چیف آف آرمی سٹاف کے درمیان مشاورت کا حتمی دور منگل کو ہوا۔ تفصیلی مشاورتی عمل کے بعد نئے ڈی جی آئی ایس آئی کیلئے لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم کے نام کی منظوری دی گئی۔ نامزد ڈی جی آئی ایس 20 نومبر 2021ء کو اپنے عہدے کا چارج سنبھالیں گے۔