وزیراعظم عمران خان سے عالمی بینک کے جنوبی ایشیاء کیلئے نائب صدر ہارٹ وگ شیفر کی قیادت میں وفد کی ملاقات

63

اسلام آباد ۔ 18 مارچ (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان سے عالمی بینک کے جنوبی ایشیاء کیلئے نائب صدر ہارٹ وگ شیفر کی قیادت میں وفد نے پیر کو ملاقات کی۔ وفد میں انسانی ترقی کے نائب صدر اینٹ ڈکسن، کنٹری ڈائریکٹر ایلانگو وان پچاموتھو، آپریشن منیجر ملینڈا گڈ اور کنٹری منیجر آئی ایف سی ندیم صدیقی شامل تھے۔ اس موقع پر وزیراعظم کے معاون خصوصی نعیم الحق، سیکرٹری خزانہ عارف احمد خان، سیکرٹری ای اے ڈی نور احمد اور دیگر اعلیٰ حکام موجود تھے۔ وفد نے ملکی ترقی بالخصوص ملکی معاشی استحکام، انسانی ترقی اور غذائیت کی کمی کے باعث بڑھوتری رک جانے کے مسئلہ کے حل کیلئے خصوصی توجہ مرکوز کرنے سے متعلق وزیراعظم کے وژن کی تعریف کی۔ وفد نے وزیراعظم کو پانی کی فراہمی، سیوریج اور ویسٹ مینجمنٹ، ٹرانسپورٹیشن، رابطے، استعداد کار میں اضافہ اور کاروبار میں آسانی سمیت مختلف شعبوں میں عالمی بینک کے مختلف جاری منصوبوں سے متعلق آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے عالمی بینک کی پاکستان کے ساتھ جاری شراکت داری اور استعداد کار میں اضافہ، بنیادی ڈھانچہ کی ترقی اور معاشی ترقی کیلئے تعاون کی تعریف کی۔ سینئر کنٹری منیجر آئی ایف سی ندیم صدیقی نے وزیراعظم کے 50 لاکھ گھروں کی تعمیر منصوبہ میں شراکت داری میں اپنے ادارہ کی دلچسپی ظاہر کی۔ وفد نے غیر ملکی سرمایہ کاری کی رغبت، تجزیاتی مہارتوں کے تبادلے اور مختلف شعبوں میں فنی تعلیم میں حکومت کے وژن کو حقیقت میں بدلنے کیلئے عالمی بینک کی معاونت کی پیشکش بھی کی۔ وزیراعظم نے وفد کی پیشکش کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان علم پر مبنی معیشت کے قیام اور سیاحت کے شعبہ کے فروغ بالخصوص ایکو ٹورازم، پہاڑی اور مذہبی سیاحت جیسے اہم شعبوں میں عالمی بینک کی بڑی شراکت داری کا خواہاں ہے جس میں غریبوں کی بہتری اور غربت کے خاتمہ کے وسیع مواقع ہیں۔ وزیراعظم نے معاشی استحکام، غربت کے خاتمہ اور کاروبار میں آسانی کیلئے بہتری سمیت موجودہ حکومت کی جانب سے کئے گئے مختلف اقدامات کو اجاگر کیا۔