اسلام آباد ۔ 7 اکتوبر (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے وفاقی ترقیاتی ادارے (سی ڈی اے) کی تشکیل نو کے منصوبے کی اصولی طور پر منظوری دیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ اس حوالے سے منصوبہ کابینہ کے آئندہ اجلاس میں غور و حتمی منظوری کے لئے پیش کیا جائے۔ اس منصوبے کا مقصد وفاقی ترقیاتی ادارے کی تشکیل نو کرنا ہے تاکہ اسے خدمات کی فراہمی اور کارکردگی کے لحاظ سے بہترین ادارہ بنایا جا سکے۔ تشکیل نو کے ذریعے وفاقی ترقیاتی ادارے میں موثر کارپوریٹ گورننس کا ماڈل متعارف کرایا جائے گا۔ اس حوالے سے منصوبہ کے خدو خال وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وزیراعظم آفس میں ہونے والے اجلاس میں پیش کئے گئے۔ اطلاعات و نشریات کے لئے وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، وزیراعظم کے معاون خصوصی سمندر پار پاکستانیز ذوالفقار عباس بخاری، سیکرٹری داخلہ میجر (ر) اعظم سلیمان خان، چیئرمین سی ڈی اے عامر احمد علی، نیئر علی دادا اور دیگر نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ چیئرمین سی ڈی اے نے گزشتہ چھ ماہ میں اس حوالے سے ہونے والی پیش رفت کے بارے میں رپورٹ پیش کی اور وزیراعظم کو بتایا کہ پہلی مرتبہ سی ڈی اے کی مالی حالت میں نمایاں بہتری آئی ہے اور تقریباً 11 ارب روپے ترقیاتی سرگرمیوں کے لئے ادارے کے پاس موجود ہیں۔ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ اختیارات کی منتقلی اور میٹرو پولیٹن کارپوریشن اسلام آباد (ایم سی آئی) کی تشکیل کے بعد سی ڈی اے کا بنیادی کام سیکٹر ڈویلپمنٹ تک محدود ہے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ سیکٹر ڈویلپمنٹ کا کام گزشتہ کئی دہائیوں سے رکا ہوا ہے تاہم سی ڈی اے ایسے سیکٹروں جہاں کام رکا ہوا ہے، میں ترقیاتی کام شروع کرنے والا ہے جس سے 23 ہزار رہائشی یونٹ تعمیر ہوں گے۔