وزیراعظم عمران خان نے پیسے کی سیاست اور کرپشن کے خاتمے کیلئے جہاد شروع کیا ہے، اس مشن میں اداروں، میڈیا اور سول سوسائٹی کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا، وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات

118

اسلام آباد۔9فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ نواز شریف نے سیاست میں پیسے کا کلچر متعارف کرایا، 1985ءسے ہمارے معاشرے میں کرپشن کینسر کی طرح پھیل چکی ہے، کرپشن نے ہمارے ملک کو نہ صرف معاشی بلکہ اخلاقی طور پر کھوکھلا کر دیا ہے، وزیراعظم عمران خان نے پیسے کی سیاست اور کرپشن کے خاتمے کیلئے جہاد شروع کیا ہے، ملک سے کرپشن کی لعنت کے خاتمے کے مشن میں اداروں، میڈیا اور سول سوسائٹی کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا، گزشتہ سینیٹ انتخابات کے دوران خریدوفروخت کی وڈیو منظرآنے پر ہمارے سر شرم سے جھک گئے ہیں، وزیراعظم عمران خان نے فوری طور پر صوبائی وزیر قانون سلطان محمد خان سے استعفیٰ لیکر دوسری جماعتوں کیلئے ایک بار پھر مثال قائم کی ہے۔ منگل کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گزشتہ سینیٹ انتخابات میں خریدوفروخت کی وڈیو منظرعام آنے کے بعد وزیراعظم عمران خان کا موقف سرخرو ہو گیا ہے، وہ 2013ءسے مسلسل کہتے آ رہے ہیں کہ سینیٹ انتخابات میں پیسے دیئے اور لئے جاتے ہیں، ووٹ بیچنے والے ہماری جماعت سے ہوں یا کسی دوسری جمات سے وہ غلط ہے، وزیراعظم عمران خان نے پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کرنے پر اپنے 20 ارکان کو جماعت سے نکال کر دوسری جماعتوں کو چیلنج کیا تھا وہ بھی اپنے بکنے والے ارکان کے خلاف ایکشن لیں لیکن انہوں نے ایسا نہیں کیا۔ شبلی فراز نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں بنیادی طور پر پیسے کی سیاست کی روایت کی علمبردار ہیں، سب کو پتا ہے کہ ماضی میں سینیٹ انتخابات میں کیا ہوتا رہا ہے، اپوزیشن جماعتیں اب بھی سینیٹ انتخابات میں شفافیت کی مخالفت کر رہی ہیں جس سے یہ لوگ قوم کے سامنے بے نقاب ہو رہے ہیں، ہمارا ملک اس دور میں داخل ہو رہا ہے جب کرپشن کے قصے کہانیاں ماضی میں ہی رہ جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کو کابینہ اجلاس کے دوران وڈیو سے متعلق آگاہ کیا گیا، وہ نہیں جانتے تھے کہ وڈیو میں کون کون لوگ ہیں، انہوں نے وڈیو دیکھنے کے فوراً بعد صوبائی وزیر قانون سے فوری طور پر استعفیٰ لیکر ایک مرتبہ پھر دوسری جماعتوں کیلئے مثال قائم کی ہے کہ وہ کسی صورت میں بدعنوان لوگوں کو برداشت نہیں کریں گے، ہمیں اپنے لیڈر پر فخر ہے اور ہم اس کا کریڈٹ لیں گے۔ سلطان محمد خان کے بیان کے بارے سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ جو شخص پیسے کیلئے ضمیر بیچ سکتا ہے اس سے سچ کی توقع نہیں کی جا سکتی، ان کے بیان کی کوئی اہمیت نہیں ہے۔