اسلام آباد ۔ 9 جنوری (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے کامیاب جوان پروگرام کے تحت ہنر مند پاکستان پروگرام کے پورٹل کا افتتاح کر دیا۔ اس حوالے سے جمعرات کو تقریب کنونشن سنٹر میں منعقد ہوئی۔ اس پروگرام کے تحت پہلے مرحلے میں 20 ماہ کے دوران ایک لاکھ 70 ہزار نوجوانوں کو پیشہ ورانہ تربیت دی جائے گی۔ یہ 30 ارب روپے کا پروگرام ہے جس کے تحت پانچ لاکھ نوجوانوں کو ہنر مند بنایا جائے گا، پروگرام کے پہلے مرحلے میں 10 ارب روپے خرچ کئے جائیں گے اور اس کے تحت پانچ سو ٹیکنیکل ٹریننگ سنٹر کھولے جائیں گے جن میں ایک لاکھ 70 ہزار نوجوانوں کو ہنر مند بنایا جائے گا، پہلے مرحلے میں مدارس میں ہنر کے 70 تربیتی مراکز قائم کئے جائیں گے۔ اس پروگرام کے تحت 300 سمارٹ ٹیکنیکل مراکز قائم کئے جائیں گے اور ان کو انٹرنیشنل کوالٹی ٹیکنیکل انسٹی ٹیوٹ سے منسلک کیا جائے گا، اس کے پہلے مرحلے میں 75 سمارٹ ٹیکنیکل مراکز قائم کئے جائیں گے۔ نوجوان آن لائن پورٹل کے ذریعے 24 جنوری تک مختلف شعبوں میں داخلے کے لئے درخواستیں دی جا سکتی ہیں۔ داخلہ فارم کامیاب جوان پروگرام کی ویب سائٹ www.kamyabjawan.gov.pk پر دستیاب ہیں۔