وزیراعظم عمران خان پاکستان کو جدیداسلامی فلاحی ریاست بنانے کے مشن پر گامزن،یونیورسل ہیلتھ کوریج، ہائوسنگ اسکیم،لنگرخانے،پناہ گاہیں پروگرام اس کی مثال ہیں،سینیٹر فیصل جاوید

52

اسلام آباد۔26اپریل (اے پی پی):پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سینیٹر فیصل جاوید نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان پاکستان کو قائداعظم محمد علی جناح کے ویزن کے مطابق جدید اسلامی فلاحی ریاست بنانے کے مشن پر گامزن ہیں، نیا پاکستان ہاﺅسنگ اسکیم، یونیورسل ہیلتھ کوریج، کوئی بھوکا نہ سوئے، لنگر خانے اور پناہ گاہوں جیسے اقدامات اس کی بہترین مثال ہیں، وزیراعظم عمران خان کی تمام تر توجہ معاشرے کے پسے ہوئے طبقے کے معیار زندگی کو بہتر بنانے پر مرکوز ہے، مہنگائی میں بتدریج کمی آ رہی ہے۔ پیر کو پی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ماضی میں پاکستان میں کرپشن، سفارش، رشوت، چوری اور میرٹ کے قتل عام کا کلچر عام تھا اسلئے ہمارا ملک تمام تر وسائل ہونے کے باوجود پیچھے رہ گیا،

وزیراعظم عمران خان کی ولولہ انگیز قیادت میں تحریک انصاف حکومت ملک میں قانون کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے، امیر اور غریب کیلئے الگ الگ قانون نہیں ہو گا، قبضہ مافیا سمیت مختلف شعبوں میں بیٹھے مافیاز اور ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے خلاف بلاتفریق کارروائیاں ہو رہی ہیں۔ فیصل جاوید نے کہا کہ پناہ گاہیں، کوئی بھوکا نہ سوئے اور لنگرخانے، ہائوسنگ اسکیم اور یونیورسل ہیلتھ کوریج جیسے فلاحی پروگرام وزیراعظم عمران خان کے پاکستان کو فلاحی ریاست بنانے کے وژن کی عکاسی کرتے ہیں، صوبہ سندھ میں صحت کی سہولیات کا بڑا مسئلہ ہے، اٹھارہویں ترمیم کے بعد صحت سندھ کا چیپٹر ہے لیکن اس کے باوجود وفاقی حکومت عوام کو صحت کی معیاری سہولیات دینے کیلئے سندھ حکومت کی مدد کرنے کیلئے تیار ہے۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف حکومت کو پہلے اڑھائی سال ملکی معیشت کو بہتر بنانے میں لگے تاہم اب معاشی اشاریے بہتری کی جانب گامزن ہیں، لارج اسکیل مینوفیکچرنگ میں اضافہ ہوا اور تعمیراتی صنعت ترقی کر رہی ہے، آنے والے دنوں میں معیشت کی بہتری کے اثرات یقینی طور پر عام آدمی تک پہنچیں گے۔ سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ حکومت نے عام آدمی کو ریلیف دینے کیلئے یوٹیلی سٹورز پر بڑا پیکیج دیا ہے، سب کو چاہیے کہ اس سے فائدہ اٹھائیں، ہماری کوشش ہے کہ یوٹیلٹی سٹورز پر وافر مقدار میں سٹاک موجود تاکہ عوام کو مسائل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا کوئی ذاتی کاروبار ہے اور نہ ہی بیرون ملک جائیدادیں ہیں، وہ نیک نیتی کے ساتھ ملک کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کیلئے دن رات کام کر رہے ہیں تاہم ملک کے فرسودہ نظام کو ٹھیک کرنے میں وقت لگے گا۔

اصلاحات سے متعلق سوال کے جواب میں فیصل جاوید نے کہا کہ حکومت اصلاحات کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے، پی آئی اے اور پی ٹی وی سمیت دیگر قومی اداروں کو اپنے پاﺅں پر کھڑا کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں کورونا وائرس کی صورتحال تشویشناک ہے، عوام کورونا ایس او پیز پر عمل کریں، اگر عوام نے احتیاطی تدابیر اختیار نہ کیں تو حکومت مکمل لاک ڈاﺅن لگانے پر مجبور ہو گی۔