اسلام آباد ۔ 8 اگست (اے پی پی)وزیراعظم عمران خان نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کے غیر قانونی اقدامات کا ایک سال مکمل ہونے پر کشمیریوں کی حمایت اور بھارتی جبر و استحصال کے خلاف جرات مندانہ آواز بلند کرنے پر ملائیشیا کے سابق وزیراعظم ڈاکٹر مہاتیر بن محمد کا شکریہ اداکیا ہے۔ ہفتہ کو اپنے ٹویٹ میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ وہ 8 اگست کو ملائیشیا کے سابق وزیراعظم ڈاکٹر مہاتیر محمد کی طرف سے کشمیر پر بھارت کے غاصبانہ قبضے اور جموں و کشمیر میں بھارت کے غیر قانونی اقدامات کو اجاگر کرنے پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ ڈاکٹر مہاتیر محمد نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں بھی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں گزشتہ سال اپنے خطاب کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے ردعمل اور پام آئل کی درآمد متاثر ہونے کے باوجود وہ بھارت کے اقدامات کے خلاف بات کریں گے اور بھارت کی نا انصافی پر آواز بلند کرنے کی قیمت چکانے کو تیار ہیں اور انہیں بھارت کے خلاف بات کرنے میں کوئی تامل نہیں ہے۔